نئی دہلی ،09؍اپریل (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) سی بی آئی نے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر منگل کو سپریم کورٹ میں لالو پرساد یادو کی ضمانت کی درخواست کی مخالفت کی۔ تفتیشی بیورو کا کہنا ہے کہ وہ انتخابات کے پیش نظر سیاسی سرگرمیوں میں ملوث لے کر ضمانت کا غلط استعمال کر سکتے ہیں۔ آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو اس وقت چارہ گھوٹالہ معاملے میں رانچی واقع برسا منڈا مرکزی جیل کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ سی بی آئی نے چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی صدارت والی بنچ سے یادو کی ضمانت کی درخواست پر جواب داخل کرنے کی اجازت مانگی تھی۔تفتیشی بیورو نے کہا کہ آر جے ڈی سربراہ لوک سبھا انتخابات کو لے کر سیاسی سرگرمیوں میں شامل ہو سکتے ہیں اور اپنی ضمانت کا غلط استعمال کر سکتے ہیں۔جانچ ایجنسی نے کہا کہ ویسے بھی لالو پرساد یادو آٹھ ماہ سے زیادہ وقت سے ہسپتال کے وارڈ میں ہیں اور سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہو رہے ہیں۔سی بی آئی نے اپنے جواب میں کہاکہ درخواست گزار (یادو) جس مدت میں اسپتال میں ہیں، انہیں نہ صرف تمام خصوصیات پر مشتمل خصوصی وارڈ کی اجازت دی گئی بلکہ وہ وہاں سے مجازی طریقے سے اپنی سیاسی سرگرمیاں چلا رہے ہیں۔یہ ان کی ملنے والوں کی فہرست سے واضح ہے۔ایجنسی نے کہا کہ یادو دعوی کرتے ہیں کہ وہ اتنے بیمار ہیں کہ جیل میں نہیں رہ سکتے، لیکن اچانک وہ ضمانت حاصل کرنے کے لئے صحت مند ہو گئے ہیں۔
رانچی میں برسا منڈا مرکزی جیل میں بند آر جے ڈی سربراہ نے ان کی ضمانت کی درخواست مسترد کرنے کے جھارکھنڈ ہائی کورٹ کے 10 جنوری کے حکم کو عدالت میں چیلنج کیا ہے۔لالو پرساد کو نو سو کروڑ روپے سے زیادہ کے چارہ گھوٹالے سے متعلق تین مقدمات میں مجرم ٹھہرایا جا چکا ہے۔