نئی دہلی،23ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) سپریم کورٹ میں آج چار نئے ججوں نے حلف اٹھا لیا۔چیف جسٹس رنجن گوگوئی نے تمام چار ججوں کو حلف دلوایا۔بتا دیں کہ18 ستمبر کو صدر رام ناتھ کووند نے چارنئے ججوں کی تقرری کی منظوری دے دی تھی۔جسٹس رامسبرمین، جسٹس کرشن مراری، جسٹس ایس روندر بھٹ اور جسٹس ہرشی کیش رائے نے حلف اٹھا لیا۔نئے ججوں کی تقرری کے ساتھ ہی سپریم کورٹ میں ججوں کی تعداد بڑھ کر 34 ہو گئی ہے۔اس سے پہلے سپریم کورٹ میں ججوں کی تعداد31 تھی۔مرکزی حکومت نے حال میں بڑھا کر34 کر دی تھی، جس میں چیف جسٹس بھی شامل ہیں۔سپریم کورٹ کالیجیم نے ہماچل پردیش ہائی کورٹ کے چیف جسٹس رام سبرمین، پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کے جسٹس کرشن مراری، راجستھان ہائی کورٹ کے آر روندر بھٹ اور کیرالہ ہائی کورٹ سے ہرشکیش رائے کے نام کی سفارش حکومت کو بھیجی تھی۔غور طلب ہے کہ سپریم کورٹ میں ججوں کی کل تعداد دس فیصد بڑھائے جانے کا بل لوک سبھا اور راجیہ سبھا نے گزشتہ دنوں منظورکیا تھا۔اس بل میں چونکہ ججوں کی بڑھی تعداد کے مطابق سرکاری خزانے سے فنڈز مختص کرانا بھی تھا، لہٰذااسے خزانہ بل کے طور پر دونوں ایوانوں سے منظورکراناپڑاتھا۔