ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سپریم کورٹ کی نگرانی میں لکھیم پور کھیری تشدد کی سی بی آئی تحقیقات ہونا چاہیے: بی جے پی رکن پارلیمنٹ ورون گاندھی

سپریم کورٹ کی نگرانی میں لکھیم پور کھیری تشدد کی سی بی آئی تحقیقات ہونا چاہیے: بی جے پی رکن پارلیمنٹ ورون گاندھی

Tue, 05 Oct 2021 00:04:53    S.O. News Service

لکھنؤ ،5 ؍اکتوبر (آئی این ایس انڈیا) لکھیم پور کھیری میں تشدد کے معاملے میں پیلی بھیت سے بی جے پی رکن اسمبلی ورون گاندھی نے بھی رد عمل ظاہر کیا ہے۔ ورون گاندھی نے اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو لکھیم پور کھیری تشدد میں 8 افراد کی ہلاکت کے سلسلے میں ایک خط لکھا ہے۔ بی جے پی رکن اسمبلی نے سپریم کورٹ کی نگرانی میں سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ لکھیم پور کھیری تشدد میں چار کسانوں سمیت آٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس معاملے میں پولیس نے مرکزی وزیر اجے مشرا ٹینی کے بیٹے آشیش مشرا سمیت 14 لوگوں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا ہے۔ پرینکا گاندھی کو پولیس نے حراست میں لے کر لکھیم پور کھیری جانے سے روک دیا ہے۔

کھیری ضلع کے پڑوس میں ہی ورون گاندھی کا پارلیمانی حلقہ پیلی بھیت ہے۔ ورون گاندھی نے ٹویٹر پر وزیراعلیٰ کے نام اپنا خط شیئر کیا۔ رکن پارلیمنٹ نے سی بی آئی تحقیقات کے ساتھ متاثرین کے خاندانوں کو ایک کروڑ روپئے معاوضہ دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ ورون گاندھی نے لکھا کہ دفعہ 302 کے تحت قتل کا مقدمہ قائم کرکے سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔ متاثرین کے لواحقین کو ایک کروڑ روپئے کا معاوضہ بھی دیا جائے۔بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے وزیر اعلیٰ پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ مستقبل میں کسانوں کے ساتھ اس قسم کی ناانصافی یا ظلم نہ ہو۔

رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ 3 اکتوبر کو کھیری میں احتجاج کرنے والے کسانوں کو بے دردی سے مارنے کے واقعہ سے پورے ملک میں غم و ناراضگی ہے۔ انہوںن ے کہا کہ کسان بھائی ہمارے اپنے ملک کے شہری ہیں۔ اگر کسان بھائی کچھ مسائل پر پریشان ہیں اور اپنے جمہوری حقوق کے تحت احتجاج کر رہے ہیں تو ہمیں ان کے ساتھ تحمل کے ساتھ پیش آنا چاہیے۔ ہمیں اپنے کسانوں کے ساتھ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے گاندھی اور جمہوری طریقے سے سلوک کرنا چاہیے۔


Share: