ممبئی،2؍جون(ایس او نیوز؍ایجنسی) آئی پی ایل میچوں میں سٹہ بازی کے جرم کو قبول کرلینے کے بعد اداکار ارباز خان، ان کے بھائی سلمان خان اور ان کے والد سلیم خان پر تحقیقاتی ایجنسیاں، پولیس اہلکار اور میڈیا کی نظریں ٹک گئی ہیں۔ جہاں ایک طرف فلم انڈسٹری میں سناٹا چھایاہواہے وہیں دوسری طرف ارباز کے والد سلیم خان بہت غصہ میں نظر آرہے ہیں۔ کیوں کہ انہیں یقین نہیں ہورہاہے کہ فلم ساز اور مشہور اداکار ارباز خان اس طرح کی حرکت کرسکتاہے۔ تھانے میں واقع پولیس چوکی میں تقریباً 4؍گھنٹے تک چلی پوچھ گچھ میں پولیس کے دعوے کے مطابق ارباز خان نے تسلیم کیاہے کہ وہ 5؍سال سے آئی پی ایل میں سٹہ بازی میں ملوث تھا اور تین برسوں میں تقریباً 3؍کروڑ روپئے وہ ہار چکاہے۔ پولیس پوچھ گچھ کے بعد ارباز خان نے میڈیا سے کہاکہ تحقیقات کے لئے پولیس نے جو کچھ پوچھا میں نے ایمانداری سے سب کچھ بتادیا اور آگے بھی ہر طرح کی تفتیش میں پولیس کی مدد کرتارہوں گا۔ تھانے پولیس کے ذرائع کے مطابق ملکہ اروڑہ سے ارباز خان کی طلاق کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ وہ سٹہ بازی کررہے تھے اور بقایہ وصولی کے لئے ملکہ اروڑہ کے موبائل نمبر پر کال آنے شروع ہوگئے تھے۔ دونوں 2017ء میں طلاق ہوگئی تھی۔
در اصل 29؍مئی کو گرفتار ہوئے سٹہ باز سونو جالان کے پاس ایک ڈائری میں ارباز خان کا نام ملا تھا۔ سونو کے کال ریکارڈ میں بھی ارباز کے ساتھ بات چیت کے سراغ ملے تھے۔ اس کے بعد تھانے پولیس نے انہیں 600؍کروڑ روپئے کی سٹہ بازی کے معاملہ میں ہورہی تفتیش کے تحت بلایا۔ ارباز خان کے کرائم برانچ دفتر پہنچتے ہی سونو جالان کو بھی وہاں پوچھ گچھ کے لئے لایاگیا۔ ارباز اور سونو کو آمنے سامنے بٹھاکر چار گھنٹے تک پولیس پوچھ گچھ کرتی رہی۔ یہ پوری تفتیش سات افسروں کی ٹیم نے کی جن میں انکاؤنٹر اسپیشلسٹ پردیپ شرما بھی شامل تھے۔ ڈی سی پی (کرائم) ابھیشیک نے بتایاکہ سٹہ بازی ایکٹ میں اب تک 6؍لوگوں کو گرفتار کیا گیاہے۔ سونو سے پوچھ گچھ میں کچھ اور نئے نام سامنے آئے ہیں۔ ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ سونو کی پولیس حراست 6؍دن تک بڑھادی گئی ہے۔ تھانے پولیس نے ارباز کے علاوہ فلم سرکار کے پروڈیوسر پراگ سانگھوی، میڈیا کمپنی کے ایم ڈی رہے کے ۔13کو بھی سٹہ بازی معاملہ میں بلایا ہے۔ پولیس کے مطابق سٹہ ایکٹ آپریٹ کرنے کے لئے سونو اسپیشل لائن ہولڈنگ مشین کا استعمال کرتا تھا۔ اس میں کئی موبائل ایک ساتھ جوڑے جاسکتے ہیں۔ یہ مشین ایک طرح سے چھوٹے ٹیلی فون ایکسچینج کا کام کرتی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ارباز نے قبول کیا ہے کہ انہوں نے سونو کے ذریعہ سٹہ لگایا اور وہ تقریباً 5؍سال سے یہ کام کررہے تھے۔ گزشتہ 3؍برسوں میں وہ کافی رقم ہار چکے ہیں۔ اسی وجہ سے ان کی طلاق بھی ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ارباز نے مانا ہے کہ سٹے کی وجہ سے ان کا سب کچھ برباد ہوچکاہے۔ وہ پیسے بنانے کے چکر میں ہارتے چلے گئے۔ بہت زیادہ قرض ہوگیا تھا۔ لوگ انہیں پریشان کررہے تھے۔ کئی لوگ ان کی اہلیہ ملکہ اروڑہ کو بھی فون کرنے لگے جس سے روز ان کے گھرپر جھگڑے ہوئے تھے۔ ان سب کے باوجود طلاق سے دو سال پہلے سے ہی ملکہ اروڑہ ان سے دور ہوگئی تھی۔ دونوں ایک گھر میں صرف لوگوں کو دکھانے کے لئے رہتے تھے پولیس ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ارباز کی سٹہ بازی کی لت کی وجہ سے بھائی سلمان خان بھی بہت ناراض رہنے لگے تھے۔ دیوالی کے وقت وہ ارباز پر ہاتھ اٹھانے ہی والے تھے کہ ماں بیچ میں آگئی۔ ارباز کی ان حرکتوں کی وجہ سے سلمان خان نے ان کی فلم دبنگ تھری سے ہاتھ کھینچ لیا۔
ذرائع کے مطابق سونو کے پاس سے ملی ڈائری میں ارباز سمیت کئی بالی ووڈ سلیبریٹی، کنٹریکٹرس اور بلڈرس کے نام بھی شامل ہیں۔ تقریباً 100 سے زائد موبائل نمبر بھی درج ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق سونو کے رابطے دہلی، کولکتہ، راجستھان، گجرات اور ہریانہ کے علاوہ پاکستان، جنوبی افریقہ اور سعودی عرب جیسے ممالک سے ہیں اور دوبئی میں ایک بین الاقوامی میچ کے لئے فکسنگ کے لئے میٹنگ کرچکاہے جس میں کئی مشہور ہستیاں مدعو تھیں۔ یہ میٹنگ کس میچ کی فکسنگ کے لئے ہوئی تھی اس کی جانچ کی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق سونو جالان ممبئی کے کاندویلی میں واقع شنکر لینڈ میں رہتاہے۔ 6؍سال قبل بھی کرائم برانچ نے اسے گرفتار کیاتھا۔ پولیس کو شک ہے کہ سونو اور اس کے ساتھی بین الاقوامی سطح پر سٹہ بازی کا ریکٹ چلارہے تھے۔ اس کا کنکشن داؤد ابراہیم جیسے کئی مافیاؤں سے بھی ہوسکتاہے۔