جودھپور 7/اپریل (ایس او نیوز) نایاب کالے ہرن کے غیر قانونی شکار کے معاملے میں جودھپور عدالت نے بالی ووڈ اداکار سلمان خان کی ضمانت بالاخر منظور کرلی ہے، وہ اب جیل سے باہر آسکیں گے۔ سیشن کورٹ کی اس ہدایت کی نقل سی جے ایم عدالت میں بھیجی جائے گی جس کے بعد سلمان کی رہائی کا حکم جودھپور سینٹرل جیل کو بھیجا جائے گا اور اُنہیں رہا کیا جائے گا۔ سلمان خان کے وکیل نے بتایا کہ دسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رویندرا کمار جوشی نے سلمان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے اُن کی سزا کو ملتوی کرنے کا حکم دیا۔
سلمان خان، جنہوں نے جودھپور سینٹرل جیل میں جمعرات سے دو راتیں گذاریں، پچاس ہزار کے بائونڈ اور اتنی ہی رقم کی دو کفالت پرضمانت منظور کی۔ ڈیفنس کونسل مہیش بورا نے بتایا کہ کاغذی کاروائیوں کی تکمیل کے بعد وہ آج شام تک جیل سے رہا ہوسکتے ہیں۔
ڈیفنس کونسل کے مطابق اس سے قبل جج نے دونوں وکیلوں کی جرح سنی تھی جو قریب ایک گھنٹہ تک جاری رہی ، دوپہر قریب تین بجے جج نے اپنا حکم سنایا۔ سلمان خان کی بہنیں الویرا اور ارپیتا اس موقع پر عدالت میں موجود تھیں۔
خیال رہے کہ جمعرات کو عدالت نے کالے ہرن کے غیر قانونی شکار کے بیس سال پرانے مقدمے میں سلمان خان کو مجرم قرار دیتے ہوئے پانچ سال کی سزا سنائی تھی اور انھیں جودھپور کی سینٹرل جیل بھیج دیا گیا تھا۔ جمعہ کو سلمان خان کی ضمانت کی عرضی پر سماعت مکمل نہیں ہو سکی تھی، جس کی بنا پر آج عدالت میں ضمانت پر سنوائی ہوئی۔
نایاب کالے ہرن کے شکار کا واقعہ 1998 میں پیش آیا تھا جب سلمان خان نے اپنی فلم ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ کی شوٹنگ کے دوران ساتھی اداکاروں کے ہمراہ راجستھان میں مبینہ طور پر شکار کیا تھا۔بتا گیا ہے کہ ان کے خلاف مقامی برادری نے مقدمہ درج کروایا تھا جو اس ہرن کو مقدس قرار دیتے ہیں ۔