ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سرکاری ملازمین مسلمانوں کے مفاد میں بھی کام کریں اسٹیٹ گورنمنٹ مسلم ایمپلائیز اسوسی ایشن کے جلسے سے رکنِ پارلیمان سید ناصرحسین کا خطاب

سرکاری ملازمین مسلمانوں کے مفاد میں بھی کام کریں اسٹیٹ گورنمنٹ مسلم ایمپلائیز اسوسی ایشن کے جلسے سے رکنِ پارلیمان سید ناصرحسین کا خطاب

Mon, 24 Sep 2018 11:21:16    S.O. News Service

بنگلورو،24؍ستمبر(ایس او  نیوز)مسلمان سرکاری ملازمین اپنے اپنے محکموں میں اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے عام مسلمانوں کے مفاد میں بھی کام کریں۔سرکاری اسکیموں اور پروگراموں کو عام لوگوں تک خصوصا! مسلمانوں تک پہنچانے کی کوشش کریں۔ یہ بات رکن پارلیمان سید ناصر حسین نے آج یہاں کرناٹکا اسٹیٹ گورنمنٹ مسلم ایمپلائیز اسو سی ایشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔ آپ نے کہا کہ ہم لوگ صرف اقلیتوں کے لیے بنائی گئی اسکیموں کی طرف متوجہ رہتے ہیں جبکہ کئی سرکاری اسکیمیں ایسی ہیں جن سے ہم فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ مسلم علاقوں کے سدھار میں بھی ہم رول ادا کر سکتے ہیں۔رکنِ پارلیمان نے کہا کہ آج تعصب کا دور دورہ ہے۔بعض لوگ مذہب کی بنیاد پر لوگوں کوبانٹ کررکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مسلم سرکاری ملازمین بھی اپنے آپ کو دوسروں سے الگ تھلگ رہ کر اپنے آپ تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔ یہ اچھی بات نہیں ہے۔ ہمیں چاہئے کہ سب کے ساتھ مل کر ملت کے کاموں میں بھی دلچسپی لیں۔ آج پڑھے لکھے تعلیم یافتہ ملّی کاموں میں دلچسپی نہ لینے کی وجہ سے سماج دشمن سرگرمیوں میں ملوث لوگ مساجد کمیٹیوں اور دیگر تنظیموں میں گھس گئے ہیں۔ انہوں نے سرکاری ملازمین سے کہا کہ آپ لو گ بھی ملّی کام کرنے والی تنظیموں سے وابستہ ہوں ۔ اس سے آنے والی نسل کوفائدہ ہوگا۔ اس موقع پر کرناٹک اردو اکادمی کے چیرمن مبین منورنے کہاکہ کسی بھی ادارے میں کام کرنا آسان نہیں ہے۔ سرکاری ملازمین کے اداروں میں بھی کام کرنا آسان نہیں ہے۔انہوں نے ملازمین کو چھوٹی چھوٹی تنظیموں پر مشتمل ایک فیڈریشن کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اردو اکادمی کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ہم اکادمی کی سرگرمیوں کو تمام تعلقوں اور اضلاع تک لے جانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے سرکاری ملازمین کی انجمنوں سے کہا کہ وہ اکادمی کے ایوارڈ کے لئے اچھے کام کرنے والوں کی نشاندہی کر کے ان کے نام کی تجویز پیش کریں۔مبین منور نے کہا کہ ہم انگلش میڈیم اسکولوں میں اردو کا ایک سبجکٹ پڑھانے کے لئے مینجمنٹ کو آمادہ کر رہے ہیں اور مساجد میں جہاں بچوں کو عربی پڑھائی جارہی ہے وہیں اردوسکھانے کی بھی کوشش کی جانی چاہئے۔ ڈاکٹر عبد الحمید نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور مسلم ایمپلائیز اسو سی ایشن کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔اس اجلاس میں صدیق پاشاہ،منیر احمد ، فیاض احمد وغیرہ شریک تھے۔


Share: