سرسی 4 / ستمبر (ایس او نیوز) امسال یوم اساتذہ کے موقع پر بہترین ٹیچر کا ایوارڈ دینے کے لئے ضلع شمالی کینرا سے کسی بھی ٹیچر کا نام تجویز نہ کیے جانے پر سوال اٹھاتے ہوئے سماجی کارکن رویندرا نائک نے ضلع انچارج وزیر شیورام ہیبار سے پوچھا ہے کہ کیا ضلع میں ریاستی ایوارڈ کا حقدار بننے لائق ایک بھی ٹیچر نہیں ہے ؟
اس ضمن میں رویندرا نائک کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں اس بات پر افسوس جتایا گیا ہے کہ ضلع انچارج وزیر کی طرف سے ایک ٹیچر کا نام بھی تجویز نہیں کیا گیا ۔ اس وجہ سے ہر سال دئے جانے والے ایوارڈ حاصل کرنے میں پہلی مرتبہ ایسا ہورہا ہے کہ ضلع شمالی کینرا سے کوئی بھی ایوارڈ پانے والوں کی فہرست میں شامل نہیں ہو سکا ہے ۔ اور یہ بات تعلیمی میدان میں بہت سارے مسائل کے باوجود ضلعی سطح پر بہترین کارکردگی دکھانے والوں کی ہمت پست کرنے کا سبب بن جائے گی ۔