ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سرسی کے پنڈت سرکاری ہاسپٹل میں آکسیجن لیکیج کا معاملہ۔ 11 مریضوں کو دوسرے ہاسپٹل میں منتقل کیا گیا

سرسی کے پنڈت سرکاری ہاسپٹل میں آکسیجن لیکیج کا معاملہ۔ 11 مریضوں کو دوسرے ہاسپٹل میں منتقل کیا گیا

Sun, 23 May 2021 18:58:23    S.O. News Service

سرسی 23/ مئی (ایس او نیوز) سرسی کے پنڈت سرکاری ہاسپٹل میں آکسیجن کی سپلائی میں ٹیکنیکل خرابی کی وجہ سے آکسیجن لیکیج ہونے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد  اسپتال میں داخل گیارہ  مریضوں کو فوری طور پر دوسرے ہاسپٹل میں منتقل کیا گیا ہے۔

    آکسیجن لیکیج کی وجہ سے تھوڑی دیر کے لئے مریضوں ، ان کے رشتہ داروں اور ڈاکٹروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی۔ اس کے بعد نازک حالت میں ہاسپٹل کے اندر داخل مریضوں کو آس پاس کے تعلقہ جات میں موجود اسپتالوں میں منتقل کرنے کی کارروائی انجام دی گئی،اور آکسیجن کا لیکیج بند کرنے اور سپلائی سسٹم درست کرنے کی طرف توجہ دی گئی۔

    بتایا جاتا ہے کہ کووڈ مریضوں کے لئے آکسیجن سپلائی کرنے والے یونٹ میں خرابی کی وجہ سے سنیچر کے دن صبح سے ہی مناسب مقدار میں آکسیجن سپلائی نہیں ہورہی تھی۔ جس کی وجہ سے ہاسپٹل میں موجود 30 جمبو آکسیجن سلینڈر پوری طرح خالی ہوگئے۔ اس کے بعد مریضوں کو منڈگوڈ، سداپوراور یلاپور تعلقہ جات کے اسپتالوں میں بھیج دیا گیا۔

    معلوم ہوا ہے کہ فی الحال سپلائی یونٹ کی خرابی دور کردی گئی ہے۔ مزید جانچ کے لئے ہبلی سے ٹیکنیکل ٹیم کو طلب کرلیا گیا ہے۔ دوسری طرف عوام کی طرف سے الزام لگایا جارہا ہے کہ اسپتال والوں کی غفلت اور کوتاہی سے یہ سنگین صورتحال پیدا ہوئی۔ 

    سرکاری ہاسپٹل میں آکسیجن لیکیج کی خبر ملتے ہی سرسی سب ڈیویژنل آفیسر آکرتی بنسال، ڈی ایس پی روی نائک اور تحصیلدار ایم آر کلکرنی وغیرہ نے جائے وقوع پر پہنچ کر جائزہ لیا۔

     آکسیجن سپلائی میں خرابی اور لیکیج کی بات معلوم ہونے پر ضلع کانگریس صدر بھیمنّا نائک موقع پر پہنچ گئے اور حالات کا جائزہ لینے کے بعد فوری طور پر 6  جمبو آکسیجن سلینڈرس کا انتظام کیا۔ ضلع کانگریس کی طرف سے یہ سلینڈر ہاسپٹل کو عطیہ کر دئے گئے۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے بھیمنّا نائک نے کہا کہ عوام کی ضرورت پورا کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے ۔ اس لئے ہم ہر قسم کی خدمات فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں۔ 


Share: