کارواریکم فروری (ایس او نیوز) ریاستی وزیر صحت ڈاکٹر سدھاکر نے بتایا ہے کہ ضلع شمالی کینرا کے لئے ملٹی اسپیشالٹی ہاسپٹل کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے سرسی میں ہائی ٹیک ہاسپٹل کے قیام کو منظوری مل گئی ہے۔ آئندہ 15دنوں کے اندر ٹینڈر کی کارروائی مکمل کرنے کے ساتھ ہاسپٹَل کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔
اپنے ایک نجی دورے پر یلاپور پہنچے وزیر صحت نے سرسی ہیلی پیڈ پر نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سرسی میں موجود تعلقہ ہاسپٹل کو ترقی دینے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ ٹینڈر کا مرحلہ پورا ہوتے ہی وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔
وزیر موصوف نے یہ بھی بتایا کہ ریاست میں ایمبولینس سروس کو ترقی دینے کے سلسلے میں خود وزیر اعلیٰ نے پہل کی ہے۔ اس کی وجہ سے ریاست کرناٹکا صحت عامہ کے معاملے میں پورے ملک کے لئے ایک مثال بن جائے گی۔
اس موقع پر سرسی سٹی میونسپل کاونسل کے صدر گنپتی نائک، اسٹانڈنگ کمیٹی چیرمین راگھویندرا شیٹی،ڈی ایس پی روی نائک، سی پی آئی بی یو پردیپ، پی ایس آئی ناگپّا وغیرہ موجود تھے۔