سرسی،یکم ستمبر (ایس او نیوز) سرسی مارکیٹ پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع چوڈیشوری نگر میں اپنی بگڑتی صحت سے پریشان اشوک کمار پدمنابھا نائر (63سال)نامی شخص نے خودکشی کرلی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ پدمنابھا ایک پرائیویٹ کمپنی میں ملازمت کررہا تھا۔گزشتہ تین سال قبل وہ ریٹائر ہوگیا تھا۔اس کو بہت عرصے سے دمہ کی شکایت تھی۔ اس کا علاج منگلورو کے کے ایس ہیگڈے اسپتال میں کیا جارہا تھا۔ مگر طبیعت سدھرنے کے آثار نہ دیکھ کر وہ بہت رنجیدہ رہنے لگا تھا۔پھر کل جب گھر میں کوئی بھی موجود نہیں تھا تو اس نے پھانسی کا پھندا لگا کرخود کشی کرلی ہے۔ اس سلسلے میں سرسی مارکیٹ پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہے۔