سرسی، 30 ؍ مئی (ایس او نیوز) سرسی تعلقہ میں کورونا وباء کا پھیلاو تشویشناک حد تک بڑھ گیا ہے جس کے بعد وہاں کے عوام مطالبہ کررہے ہیں کہ باہر سے ضلع کے اندر داخل ہونے پر پابندی لگادی جائے۔
کہا جارہا ہے کہ جنتا کرفیو اور لاک ڈاون کی پابندیوں کے باوجود مختلف اسباب سے سرسی تعلقہ میں داخل ہونے والوں کی تعداد پر کوئی روک نہیں لگی ہے۔ اس دوران کم از کم 650 افراد بیرون تعلقہ اور بیرون ضلع سے یہاں داخل ہوچکے ہیں۔ سمجھا جاتا ہے کہ انہی لوگوں کی وجہ سے دیہی علاقوں میں وباء کا اثر زیادہ ہوا ہے۔ سرکاری افسران کا کہنا ہے کہ سرسی تعلقہ میں داخلہ کے دو اہم راستوں پر چیک پوسٹ لگادئے گئے ہیں۔ وہاں پر بیرون ضلع سے آنے والوں کی پوری طرح جانچ کی جاتی ہے۔ ضروی محسوس ہونے پر ان کے ہاتھوں پر سیل لگادی جاتی ہے۔ چونکہ ان میں سے بہت سارے لوگ دیہی علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں، اس لئے ان لوگوں کی وجہ سے بھی کورونا کے معاملوں میں اضافہ کے امکانات موجود ہیں۔
کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ باہر سے تعلقہ کے اندر آنے والوں کے ساتھ ہی ساتھ یہاں پر منعقد ہونے والی شادی کی تقریبات کی وجہ سے بھی کورونا وباء بڑے پیمانے پر پھیلی ہے۔