ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ساحلی علاقے میں ریت کا مسئلہ 15اکتوبر تک حل کیا جائے گا؛ وزیر اعلیٰ کمارا سوامی کا تیقن

ساحلی علاقے میں ریت کا مسئلہ 15اکتوبر تک حل کیا جائے گا؛ وزیر اعلیٰ کمارا سوامی کا تیقن

Wed, 26 Sep 2018 12:40:15    S.O. News Service

بنگلورو26؍ستمبر(ایس او نیوز) وزیراعلیٰ کمارا سوامی نے ساحلی علاقے اڈپی اور منگلورو ضلع کے اراکین اسمبلی کے ساتھ ودھان سودا میں منعقدہ میٹنگ کے دوران تیقن دیا ہے کہ ریت نکالنے اور اس کی فراہمی کے متعلق مسائل کو 15اکتوبر حل کیا جائے گا۔

اس میٹنگ میں ساحلی اضلاع کے اراکین اسمبلی نے یہاں پر ریت نہ ملنے کی وجہ سے پیدا ہونے مشکلات اور مسائل وزیرا علیٰ کے سامنے رکھتے ہوئے کہا کہ ضلع منگلورو اور اڈپی میں ریت نکالنے کے تعلق سے سخت قوانین کی وجہ سے ہزاروں افرادمشکل میں پھنس گئے ہیں۔ اس کے علاوہ تعمیراتی اور ترقیاتی کام ٹھپ پڑ گئے ہیں۔ اس لئے کم از کم روایتی انداز میں ریت نکالنے کی اجازت دی جائے۔اس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس مسئلے کو 15اکتوبر سے پہلے حل کرلیا جائے گا اور 16اکتوبر سے ریت نکالنے کی اجازت دی جائے گی۔ اس کے علاوہ ریت نکالنے کے سلسلے میں موجودہ چندقوانین کو نرم کرنے کے تعلق سے بھی وزیر اعلیٰ نے اصولی طور پر ہامی بھری ہے۔

وزیر اعلیٰ سے میٹنگ کے بعد اخبارنویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کاونسل میں لیڈر آف اپوزیشن کوٹا سرینواس پجاری(بی جے پی) نے کہا کہ جہاں تک ریت کا مسئلہ ہے ، ساحلی اضلاع کی صورتحال دیگر اضلاع سے بالکل مختلف ہے۔ان دو اضلاع(منگلورو اور اڈپی) کے لئے ریت نکالنے کے سلسلے میں ایک جداگانہ پالیسی بنانے کی ضرورت ہے۔یہاں پر جو مسائل ہیں وہ کئی برسوں سے چلے آرہے ہیں اور حکومت کی کاہلی کی وجہ سے بڑھتے چلے جارہے ہیں ۔ اسی وجہ سے یہاں غیر قانونی طور پر ریت نکالنے کا کاروبار چل پڑا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ریت کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگی ہیں اور فی لوڈ 25تا 30ہزار روپے ادا کرنے پڑ رہے ہیں جوکہ ایک عام آدمی کے بس کی بات نہیں ہے۔ سرکار کی طرف سے سی آر زیڈ قوانین کے حدود سے باہر والے علاقوں میں ریت نکالنے کی جو اجازت دی گئی ہے وہ پالیسی ناکام ہوگئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع اڈپی 130اور ضلع منگلورومیں 120روایتی انداز میں ریت نکالنے والے خاندان موجود ہیں۔ انہیں اپنا کاروبار جاری رکھنے کی اجازت دی جانی چاہیے۔

اس موقع پر منگلور ضلع انچارج وزیر یو ٹی قادر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے 15اکتوبر تک ریت کا مسئلہ حل کرنے کا وعدہ کیا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ قوانین کو نرم کرتے ہوئے صورتحال کو بہتر بنانے کی کوشش کی جائے گی۔

میٹنگ کے دوران وزیر جئے مالا کے علاوہ ا راکین اسمبلی ہریش پونجا بیلتھنگڈی ،بی ایم سوکمار بیندور ، وی سنیل کمار کارکلا، انگارا ایس سولیاوغیرہ موجود تھے۔


Share: