بنگلورو،16/فروری(ایس او نیوز) سابق وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی کے خلاف درج ایف آئی آر کومستردکرنے کے مطالبہ میں داخل عرضی سے متعلق ہائی کورٹ نے پولیس کو نوٹس جاری کیاہے۔ اس سلسلہ میں جسٹس بی اے پاٹل پرمبنی واحد رکنی بنچ نے کمرشیل اسٹریٹ پولیس تھانہ اور نجی شکایت کنندہ ملیکارجن کونوٹس جاری کیاہے۔ 27اور 28مارچ 2019کوکانگریس اورجنتادل (سکیولر) رہنماؤں کے گھروں پرمحکمہ انکم ٹیکس کے چھاپوں کے بعد 28مارچ کواس وقت کے وزیراعلیٰ کمارسوامی اورکابینی وزراء اور کانگریس کے کئی رہنماؤں نے انکم ٹیکس دفتر کے سامنے احتجاج کیاتھا۔ اس سلسلہ میں 2مئی 2019کوملیکارجن نے شہر کی اڈیشنل سٹی سیول وسیشن عدالت میں شکایت درج کی تھی۔ عدالت نے 3مئی کوسماعت کے بعد ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) کو تحقیق کرنے کاحکم دیاتھا۔ پولیس نے 27نومبر کو کمارسوامی کے خلاف فردجرم عائد کیاتھا، جس کے بعدکمارسوامی نے ایف آئی آر مسترد کرنے کامطالبہ کرتے ہوئے عرضی دائر کی تھی۔