کاروار 3؍جولائی (ایس او نیوز) ضلع شمالی کینرا میں ریوینیو زمین اتی کرمن کرتے ہوئے برسہا برس سے گھر تعمیر کرکے رہائش اختیار کرنے والوں کو اسے سکرمن کرنے اور قانونی حیثیت دینے کے لئے ستمبر2018تک آخری موقع رہے گا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ریوینیو زمین پر اس طرح کی غیر قانونی تعمیرات کو قانونی شکل دینے کے لئے 14,431درخواستیں اب تک موصول ہوئی تھیں۔ان میں سے 3,589درخواستیں منظور کی گئی ہیں۔7,730درخواستوں کومسترد کردیاگیا ہے اور مزید1.051درخواستوں کو قانونی شکل دینا باقی ہے۔ جس طرح جنگلاتی زمین پر غیر قانونی قبضے کو قانونی شکل دی جارہی ہے اسی طرح ریوینیو زمین پر غیر قانونی قبضے کو قانونی بنانا بہت اہم ہے۔ برسہا برس سے اس طرح کا اتی کرمن کرکے گھر تعمیر کرنے کے علاوہ کھیتی باڑی کرنے والوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ لیکن کھیتی باڑی کی زمین کو قانونی کروانے کی میعاد اب ختم ہوگئی ہے۔ صرف مکانات کو قانونی کروانے کاسلسلہ جاری ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ سکرمن کرنے کے لئے دیہی علاقوں سے 9,316درخواستیں دی گئی تھیں ان میں سے 6381درخواستیں نامنظور کی گئیں، صرف 1,932 افراد کو ہی حقوق والے قانونی دستاویزات دئے گئے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ 90معاملات میں دستاویز دینا باقی ہے۔شہری علاقوں سے 5,115درخواستیں دی گئی تھیں جن میں سے 1,349درخواستیں منظور ہوئیں اور3,410درخواستیں مسترد کردی گئیں۔356معاملات زیر التوا رکھے گئے ہیں۔
ایڈیشنل ڈی سی ڈاکٹر سریش ہیٹنال نے بتایا کہ ریوینیو زمین پر اتی کرمن کرنے اور اس میں کھیتی باڑی کرنے والوں کی طرف سے درخواستیں موصول ہونگی تو اسے قبول نہیں کیا جاسکے گا۔اب صرف غیر قانونی مکانات کو قانونی شکل دینے کا موقع باقی ہے۔ جبکہ اتی کرمن کرنے والے افراد کا کہنا ہے کہ جس طرح حکومت نے جنگلاتی زمین پر کی جانے والی کھیتی باڑی کو قانونی شکل دینے کے اقدامات کیے ہیں اسی طرح ریوینیو زمین پر بھی کھیتی باڑی کرنے والوں کو قانونی دستاویزات دینے کا کام ہونا چاہیے۔ ایک زمانے سے ایسی زمینوں پر اپنی زندگی بسر کرنے والوں کو اچانک وہاں سے ہٹایا جائے گا تو پھرانہیں بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
دوسری طرف ریوینیو زمین پر غیر قانونی قبضہ کرنے والوں کے لئے اس بات سے بھی نئی امید جاگی ہے کہ اب چونکہ ریوینیو وزیر کے طور پر ضلع شمالی کینرا کے آر وی دیشپانڈے قلمدان سنبھالے ہوئے ہیں اس لئے ممکن ہے کہ وہ ضلع اُترکنڑا کے لئے کوئی خصوصی رعایت دیں گے اور اتی کرمن کرنے والے معاملات کو سکرمن کرنے کا پورا موقع فراہم کریں گے۔