ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ریاست کے سیاسی منظر نامے میں عنقریب تبدیلی : جگدیش شٹر

ریاست کے سیاسی منظر نامے میں عنقریب تبدیلی : جگدیش شٹر

Tue, 25 Dec 2018 23:30:26    S.O. News Service

بنگلورو،25؍دسمبر(ایس او نیوز) سابق وزیراعلیٰ اور سینئر بی جے پی لیڈر جگدیش شٹر نے دعوی ٰ کیا ہے کہ اگلے دو تین دنوں کے اندر ریاست کا سیاسی منظر نام تبدیل ہونے والا ہے۔

اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کانگریس جے ڈی ایس مخلوط حکومت میں وزارت کی توسیع کے بعد برگشتگی بڑھتی جارہی ہے۔اگلے دو تین دنوں کے اندر ریاست میں بہت ساری سیاسی تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں گی۔ یہ اشارہ دیتے ہوئے کہ بی جے پی برگشتہ رکن اسمبلی رمیش جارکی ہولی اور ان کے حامیوں کوپارٹی میں لانے کے لئے آپریشن کمل پر کام کررہی ہے ۔

شٹر نے کہاکہ دو تین دنوں کے اندر یہ پتہ چل ہی جائے گا کہ رمیش جارکی ہولی اپنی اسمبلی رکنیت سے اکیلے مستعفی ہوں گے یا پھر ان کے ساتھ اور بھی نئے اراکین کانگریس چھوڑ دیں گے۔ جگدیش شٹر نے کہاکہ بی جے پی کی طرف سے کسی طرح کا آپریشن کمل نہیں چلایا جارہاہے ، بلکہ کانگریس کے داخلی اختلافات اس حکومت لے ڈوب رہے ہیں۔ جارکی ہولی کے ساتھ کتنے اراکین اسمبلی ہیں اس کے بارے میں بھی کچھ نہیں کہاجاسکتا۔ لیکن اتنا یقین کے ساتھ کہا جاسکتاہے کہ اگر جارکی ہولی نے اسمبلی کی رکنیت چھوڑ دی تو ان کے ساتھ مزید چند اراکین اسمبلی بھی مستعفی ہوسکتے ہیں۔ شٹر نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا کہ مخلوط حکومت میں شامل کانگریس اور جے ڈی ایس بی جے پی کے بعض اراکین اسمبلی کو نشانہ بنانے کی کوشش میں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کا کوئی رکن اسمبلی اپنی وفاداری تبدیل نہیں کرے گا۔

شٹر نے یہ بات دہرائی کہ پہلے سے ہی وہ یہ کہتے آرہے ہیں کہ کابینہ میں توسیع کے فوراً بعد مخلوط حکومت کا استحکام ختم ہوجائے گا۔ یہ حکومت کانگریس اور جے ڈی ایس کے داخلی انتشار کی نذر ہوجائے گی۔منڈیا ضلع میں جے ڈی ایس کارکن پرکاش کے قتل کے سلسلے میں وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی کی طرف سے قاتلوں کو بے رحمی سے گولی ماردینے ضلع پولیس حکام کو ہدایت پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے جگدیش شٹر نے کہاکہ وزیر اعلیٰ کمار سوامی کو ایسے جذباتی ردعمل سے گریز کرنا چاہئے اور قانون کے مطابق اس معاملے سے نپٹنے کے لئے پولیس حکام کو پوری آزادی دینی چاہئے۔

شٹر نے کہاکہ وزیراعلیٰ کے اس بیان سے لاقانونیت کو شہ ملے گی اور شرپسند عناصر کو مارنے کی آڑ میں پولیس بھی ہوسکتا ہے کہ اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرے۔ شٹر نے کہاکہ جے ڈی ایس کارکن کے قتل کا واقعہ افسوسناک ہے اس سے کسی کو انکار نہیں ، قاتلوں کو سخت سزا یقینی بنانا حکومت اورپولیس کی ذمہ دار ی ہے۔ لیکن یہ حکم دینا کہ قاتلوں کو بے رحمی سے گولی ماردی جائے درست نہیں۔ 


Share: