منگلورو 7؍مارچ (ایس او نیوز) جنتا دل (ایس ) کے ریاستی چیف اور سابق وزیر اعلیٰ کمار سوامی نے منگلورو میں بی جے پی کی ریالی سے خطاب کرنے کے لئے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو بلائے جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی بی جے پی لیڈران سب بھوگی (دنیاپرست؍عیش و آرام والے) ہیں اس لئے خطاب کرنے کے لئے انہیں اترپردیش سے ’یوگی‘(دنیا داری سے کنارہ کش ہونے والے) کو بلانا پڑرہا ہے۔
کمار سوامی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ’’ بی جے پی کے اندر ریاستی لیڈر شپ کا فقدان ہے یا پارٹی کو ان لیڈران پر اعتماد نہیں ہے یہ سمجھ میں نہیں آرہا ہے۔حقیقت یہ ہے کہ یہاں کے لیڈران عیش و آرام اور دنیاپرستی کی زندگی گزارنے والے ہیں اور ایک دوسرے کا گریبان پھاڑنے میں لگے ہوئے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ عوام سے مخاطب ہونے کے لئے انہیں یو پی سے یوگی آدتیہ ناتھ کو بلانا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ:’’اس یوگی کو اپنی ریاست کا ایک اسپتال صحیح ڈھنگ سے چلانا نہیں آیا۔ سیکڑوں بچوں کی ہلاکتیں وہاں ہوئی ہیں۔ وہاں سیکڑوں مسائل ہیں۔ وہاں کے مسائل جو حل نہیں کرسکتے ،وہ اگر یہاں پر آکر تقریریں کریں گے توترقی کیا ہوگی اورامن کیا قائم ہوگا؟۔ان لوگوں سے تقریریں کروانے کا کوئی فائدہ ہے کیا؟‘‘
کمار سوامی نے وزیراعلیٰ سدارامیا کے خلاف بھی اپنی بھڑاس نکالتے ہوئے کہا کہ ’’ ننجن گوڈ انتخاب کے لئے سمجھوتے کی درخواست دی۔ برہت بنگلورو مہانگر پالیکے (بی بی ایم پی) کے انتخاب کے لئے سمجھوتہ کیا۔ ہمارے پاس جے ڈی ایس کو جیت دلانے کی طاقت ہے۔ سمجھوتہ کرنے کے لئے ہم لوگ آپ کے گھر پر نہیں آئے تھے، بلکہ آپ ہمارے گھر آئے تھے۔ اور آج آپ کے سر اقتدار کا نشہ چڑھا ہوا ہے۔‘‘
اس موقع پر پولیس افسران کے خلاف بھی آواز بلند کرتے ہوئے کمار سوامی نے کہا کہ’’ آپ لوگوں نے جے ڈی ایس کی ریالی نکالنے کی اجازت ہمیں نہیں دی۔ آپ لوگوں نے برسراقتدار پارٹی کے ساتھ ساز باز کرتے ہوئے یہ کام کیا ہے۔ اگلے تین مہینے تک انتظار کرکے دیکھو۔ ہماری حکومت آنے والی ہے ، تب آپ لوگوں اس کا انجام معلوم ہوگا۔‘‘