بنگلورو،20/نومبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ریاست کرناٹک کے بادامی میں ایک آسٹریلیائی شہری کے ساتھ مارپیٹ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔پولیس کے مطابق یہ واقعہ منگل کا ہے جب دیہاتیوں نے مبینہ طور پر خاتون کے ساتھ کی گئی بدسلوکی کی وجہ سے ایک آسٹریلیائی شہری کی پٹائی کر دی۔ ایسا الزام ہے کہ غیر ملکی شہری شراب کے نشے میں تھا۔جس کے بعد اس نے خاتون کے ساتھ بدسلوکی کی۔ پولیس کے مطابق جیمس ولیم نام کے آسٹریلیائی شہری کی عمر 35 سال کے قریب ہے۔وہ بادامی سے باگلکوٹ کی جانب ایک بس میں سفر کر رہا تھا لیکن راستے میں ہی وہ ایک گاؤں کے قریب رک گیا۔ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ لوکیش جے نے بتایا کہ مبینہ طور پر غیر ملکی شہری نے شراب پی رکھی تھی۔جس کے بعد اس نے خاتون سے بدسلوکی کی، اس کے بعد غیر ملکی باشندے کی مقامی لوگوں سے نوک جھونک ہوئی۔لوکیش جے نے بتایا کہ تکرا ر نے طول پکڑ لیا اور غیر ملکی شہری اور دیہاتیوں کے درمیان مارپیٹ ہو گئی۔ اس کے بعد پولیس کو بلایا گیا۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر غیر ملکی شہری کو اسپتال میں داخل کرا دیا۔فی الحال پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور کچھ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ آپ کو بتا دیں کہ بادامی ایک مشہور سیاحتی مقام ہے۔