بنگلورو، یکم دسمبر (ایس او نیوز) ریاست کرناٹک میں گرام پنچایت انتخابات کیلئے ریاستی الیکشن کمیشن نے بلگل بجا دیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی تمام سیاسی پارٹیاں بالخصوص بی جے پی ، کانگریس اور جے ڈی ایس نے ان انتخابات کے لئے کمر کس لی ہے اور تیاریاں شروع کردی ہیں۔ جے ڈی ایس نے ان انتخابات میں دیگر دو بڑی پارٹیوں پر سبقت حاصل کرنے حکمت عملی شروع کردی ہے۔
کہا جا رہا ہے کہ ان انتخابات میں پارٹی سے زیادہ شخصیت کے اثرو رسوخ کا زیادہ دخل ہوتا ہے ۔ گرام پنچایت انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی ریاست بھر میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوچکا ہے ۔ ان انتخابات کے دوران کورونا رہنماخطوط پر سختی سے عمل کرنے ریاستی الیکشن کمیشن نےہدایت دی ہے۔ریاست میں گرام پنچایت انتخابات دو مرحلوں 22 اور 27 دسمبر کو منعقد کرنے کا ریاستی الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے۔
ریاست میں جملہ 30 ؍ اضلاع میں 5،762 گرام پنچایتوں کی تعداد ہے جہاں دو مرحلوں میں انتخابات ہوں گے ۔ پہلا مرحلہ 22 دسمبر کو 2،930 گرام پنچایتوں کے لئے پولنگ ہوگی، اس کے لئے 7 دسمبر سے نوٹیفکیشن کا اطلاق ہوجائے گا۔ دوسرا مرحلہ 27 دسمبر کو 2،832 گرام پنچایتوں کے لئے پولنگ ہوگی۔ دوسرے مرحلہ کے لئے نوٹیفکیشن کا اطلاق 11 دسمبر سے ہوجائے گا۔ ان دونوں مرحلوں میں جملہ 92،121 اراکین کے انتخابات کے لئے چناؤ ہوگا۔ ریاستی الیکشن کمشنر بسواراج نے ایک اخباری کانفرنس میں یہ بات کہی۔
پہلے مرحلہ کے انتخابات کیلئے پرچہ نامزدگیاں داخل کرنے کا آغاز 7 دسمبر سے شروع ہوجائے گا۔ جبکہ دوسرے مرحلے کے لئے 11 دسمبر سے نامزدگیاں داخل کرنے کا آغاز ہوگا۔ پہلے مرحلہ کے لئے نامزدگیاں داخل کرنے کی آخری تاریخ 11 دسمبر ہے۔ دوسرے مرحلہ کی نامزدگیاں داخل کرنے کی آخری تاریخ 16 دسمبر ہے۔ پہلے مرحلے کے کاغذات نامزدگیوں کی جانچ 12 دسمبر کو ہوگی۔ دوسرے مرحلے کے کاغذات کی جانچ کی آخری تاریخ 17 دسمبر ہے۔ پہلے مرحلہ کے امیدواروں کے لئے نامزدگیاں واپس لینے کی آخری تاریخ 14 دسمبر ہے جبکہ دوسرے مرحلہ کیلئے 19 دسمبر مقررہے۔ پہلے مرحلے کے لئے پولنگ 22 دسمبر کو صبح 7 بجے تا شام 5 بجے ہوگی ۔ دوسرے مرحلہ کے لئے پولنگ 27 دسمبر کو 7 بجے تا5 بجے ہوگی۔ دونوں مرحلوں کے لئے ووٹنگ کی گنتی 30 دسمبر کو ہوگی۔ 31 دسمبر تک انتخابی کارروائی مکمل ہوجائے گی۔