پٹنہ،5؍جنوری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) ملک میں کورونا کی دوویکسینوں کی منظوری کے بعد زبردست سیاست چل رہی ہے۔ ایک طرف جہاں اتر پردیش کے سابق وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے ویکسین لینے سے انکار کردیا ،دوسری طرف بہارمیں کانگریس کے ایم ایل اے اجیت شرما نے بھی چیلنج کیاہے۔
کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے رہنما اجیت شرما نے مطالبہ کیاہے کہ روس اور امریکہ کے صدر نے جس طرح سے ویکسین کے بارے میں عوامی اعتماد جیتنے کے لیے پہلی ویکسین لی تھی ، اسی طرح وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی کورونا کی پہلی ویکسین لینا چاہیے۔ تاکہ عوام کو اس کے بارے میں اعتماد حاصل ہو۔اجیت شرما نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعظم مودی کے ساتھ، بی جے پی کے سینئر قائدین بھی پہلے کورونا ویکسین لیں تاکہ لوگوں میں اس ویکسین کے بارے میں اعتماد پیدا ہو۔
انھوں نے کہاہے کہ نئے سال میں دو ویکسینیں آچکی ہیں ، یہ خوشی کی بات ہے لیکن اس میں لوگوں میں شک ہے۔اس شک کودورکرنے کے لیے روس اور امریکہ کے صدر نے جس طرح سے پہلی ویکسین لے کر لوگوں کو اعتماد میں لیا ہے ، میں سمجھتا ہوں کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے سینئر لیڈر کوپہلا ویکسین لے کر لوگوں کا اعتماد جیتنا چاہیے۔