بنگلورو،7؍فروری(ایس او نیوز) کرناٹک کے اسمبلی انتخابات پر ملک کی نگاہیں جمی ہوئی ہیں ، سیاسی بیان بازی کا نشہ سر چڑھ کر بول رہا ہے، سوشیل میڈیا نے انتخابات کے پیش نظر تشہیری مہم کیلئے ایک نیا زاویہ و میدان فراہم کردیا ہے، پہلے عوامی اجلاس ،گھر گھر ملاقات پروگرام ودیگر عوامی رابطہ کی تقاریب کا اہتمام کیا جاتا رہا ہے ،اب نئے دور میں انتخابات کی تشہیر مہم کیلئے سوشیل میڈیاکثرت سے استعمال ہورہاہے ،یہاں تک ہرپارٹی سے ایک سوشیل میڈیا یونٹ تشکیل دیا ہوا ہے،کانگریس سوشیل میڈیا کی سربراہ سابق رکن پارلیمان وفلم اداکارہ رمیا کو بنایا گیاہے ، رمیا کے نپے تلے ٹویٹ وار ملک بھر میں لچل مچا رہے ہیں، بنگلور میں مودی کے خطاب کے دوران استعمال کئے گئے مخفف لفظ ٹاپ (TOP) یعنی ٹماٹو آنین پٹاٹو کو الٹ کر رمیا نے (Pot) بنا کر ٹوئٹ کیا تھا ، جس کا مقامی زبان میں ترجمہ نشہ میں چور رہنا ہے ۔ رمیا نے پاٹ کو ذومعنی استعمال کرنے کی کوشش کی تھی کہ پاٹ کا مطلب پٹاٹو ،آنین ٹماٹو ہے ، یہ ٹوئیٹ بہت وائرل رہا ، رمیا نے آج ایک اور جمائی خمار والا ٹوئیٹ کیا ، بروز چہارشنبہ لوک سبھا میں بجٹ چرچہ کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کے خطاب پر رمیانے ٹوئیٹ کرتے ہوئے (Yawn) کا لفظ استعمال کردیا ، کہا کہ طویل تقریر سنتے ہوئے جمائی یا خمار طاری ہوجاتا ہے ،اس ٹوئیٹ پرکئی ری ٹوئیٹ اور لائک دیکھے گئے اور کمینٹس بھی کئے گئے ۔ دریں اثناء بی جے پی نے رمیا کے خلاف کرائم برانچ پولیس میں شکایت درج کرانے کی اطلاع ہے۔سوشیل میڈیا میں ایک ایسا ویڈیو وائرل ہوگیا ، جس میں رمیا یہ کہتی نظر آرہی ہیں کہ ایک ہی نام سے دو تین اکاؤنٹ بنا نا کوئی غلط بات نہیں ہے ،کانگریس سوشیل میڈیا کارگاہ میں اس قسم کا بیان دیا گیا ہے، بی جے پی نے بنگلور پولیس کمشنر سے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ فیک اورفرضی اکاؤنٹ بنانے کے بیان پررمیا کے خلاف کارروائی کی جائے جبکہ رمیا نے یہ وضاحت کی کہ اس ویڈیو کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے ،وہ فرضی ویڈیو ہے۔فیک اکاؤنٹ بنانے پر مشتمل وائرل ویڈیو کی سختی کے ساتھ تردید کرتے ہوئے رمیا نے کہا کہ یہ ویڈیو آؤٹ آف کنٹیکٹ ہے،در اصل اس ویڈیو میں یہ بتایا جارہا تھا کہ فیک اکاؤنٹ اور ملٹپل اکاؤنٹ میں کیا فرق ہے ، کارگاہ میں شریک سامعین میں سے کسی نے سوال کیا تھا ،میں یہ وضاحت کررہی تھی کہ ذاتی اکاؤنٹ اس طرح ہوتا ہے، ملٹپل اکاؤنٹ اس قسم کا ہوتا ہے،دونوں کو استعمال کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے،اس بیان کو توڑ مروڑ کر بی جے پی نے یہ بتانے کی کوشش کی ہے کہ فیک اکاؤنٹ بنانے کی تربیت دے رہی ہوں،اس طرح رامیا پے درپے ٹوئٹ کے ذریعہ فیک اکاؤنٹ بیان کی تردید کی۔