بھٹکل 18/ اپریل(ایس او نیوز) ریاستی وزیر داخلہ بسواراج بومئی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے مسلم طبقے کے قائدین سے خطاب کیا اور اپیل کی کہ رمضان کے مہینے میں لاک ڈاؤن کے قوانین پر پوری طرح عمل در آمد کرنے میں سرکاری افسران کے ساتھ پورا تعاون کیا جائے۔
جمعہ کے روز ضلع شمالی کینرا کے مسلم قائدین سے با ت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’رمضان میں عبادت اور افطار کے لئے بھیڑ اکٹھا نہ کریں۔ فی الحال وقف بورڈ کی جانب سے جو بھی ہدایات دی گئی ہیں اس پرپوری طرح عمل کیا جائے۔ اگر آئندہ دنوں میں قوانین میں کچھ تبدیلی حکومت کی طرف سے کی جائے گی تو عوام کو اس سے آگاہ کیا جائے گا۔“
وزیر داخلہ نے سرکاری افسران سے بھی کہا کہ وہ قوانین کو لاگو کرنے کے لئے عوام کو اپنے اعتماد میں لیں۔تاحال ضلع شمالی کینرا میں بھٹکل کے علاوہ کووڈ 19کے معاملات کسی اور مقام پر دیکھنے کو نہیں ملے ہیں، اب اسے کسی اور جگہ پر پھیلنے سے روکنے کی تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جانا چاہیے۔
اس موقع پر ضلع ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ:”ضلع میں کووِڈ 19کی صورت حال قابو میں آگئی ہے۔بھٹکل کے 11پوزیٹیو معاملات میں سے 8افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔ایک اور شخص کو سنیچر کے دن اسپتال سے چھٹی دی جائے گی۔اس کے علاوہ ضلع کے دیگر تعلقہ جات میں کوئی مسئلہ پیش نہیں آیا ہے۔“
ڈپٹی کمشنرنے وزیر داخلہ کو معلومات فراہم کرنے کے دوران بھٹکل میں کورونا معاملات پر قابو پانے کے لئے مجلس اصلاح و تنظیم کی خدمات کی ستائش کی اور کہا کہ تنظیمنے ضلعی انتظامیہ کو اپنا بھرپور تعاون دیا ہے۔ تنظیم کی طرف سے نمائندگی کرتے ہوئے وڈیو کانفرنسنگ میں جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے، سرگرم رکن عنایت اللہ شاہ بندری اور محمد صادق مٹّا موجود تھے جنہوں نے ضلعی انتظامیہ کی ستائش کی اور کہا کہ ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر عہدیداران نے کورونا پر قابو پانے اور اسے مزید پھیلنے سے روکنے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے۔ اس موقع پر عنایت اللہ شاہ بندری نے بعض مسائل بھی بیان کئے کہ کس طرح مریضوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانے میں مسائل پیدا ہورہے ہیں۔
اس موقع پر کاروار سے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار کے ساتھ ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ شیوپرکاش دیوراج، کاروار کے اسسٹنٹ کمشنرکے علاوہ مسلم سماج کے قائدین موجود تھے، تو وہیں بھٹکل سے اسسٹنٹ کمشنر مسٹربھرت اور دیگر تعلقہ انتظامیہ کے آفسران بھی موجود تھے۔