ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / رمضان میں زیادہ عبادت کریں تاکہ عید سے قبل دنیا، کورونا سے پاک ہو جائے: پی ایم مودی نے کی من کی بات

رمضان میں زیادہ عبادت کریں تاکہ عید سے قبل دنیا، کورونا سے پاک ہو جائے: پی ایم مودی نے کی من کی بات

Sun, 26 Apr 2020 20:18:39    S.O. News Service

نئی دہلی،26؍اپریل (ایس او نیوز؍ایجنسی) کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے نافذ لاک ڈاؤن کے درمیان وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘ کے ذریعے قوم سے خطاب کرتے ہوئے  رمضان کی اہمیت کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ رمضان خیرسگالی، حساسیت اور خدمت خلق کی علامت ہے اور اس مہینے میں ہم کو  پہلے سے بھی زیادہ عبادت کرنے کی ضرورت ہے  وزیر اعظم مودی نے ریڈیو پر اپنے ماہانہ پروگرام ’من کی بات‘ کے دوسرے ایڈیشن کی 11 ویں قسط میں اہل وطن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ كورونا وبا کا قہر دنیا کے سامنے ہے تو اس موقع پر رمضان کو صبر و تحمل، خیر سگالی، حساسیت اور خدمت کے جذبے کی علامت بنایا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ جب پچھلی بار رمضان منایا گیا تھا تو کسی نے سوچا بھی نہیں تھا کہ اس بار رمضان میں اتنی بڑی مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا’’اس بار ہم، پہلے سے زیادہ عبادت کریں تاکہ عید آنے سے پہلے دنیا کورونا سے آزاد ہو جائے اور ہم پہلے کی طرح امنگ اور حوصلہ جوش و جذبے کے ساتھ عید منائیں۔ مجھے یقین ہے کہ رمضان کے ان دنوں میں مقامی انتظامیہ کے ہدایات پر عمل کرتے ہوئے کوروناکے خلاف چل رہی اس جنگ کو ہم مزید مضبوط کریں گے۔ سڑکوں پر، بازاروں میں، محلوں میں، جسمانی فاصلے کے ضابطوں پر عمل اب بہت ضروری ہے۔

’من کی بات‘ کے دوران وزیر اعظم مودی نے مزید کہا، ’’کوئی اپنی پوری پنشن، انعام کی رقم پی ایم کیئرز میں جمع کرا رہا ہے۔ کوئی کھیت کی ساری سبزیاں خیرات میں دے رہا ہے، کوئی ماسک بنا رہا ہے۔ کہیں کوئی مزدور بھائی بہن کوارنٹائن کے بعد اسکول کی رنگائی پتائی کر رہے ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ ہمارے کسان بھائی بہنوں کو دیکھیں، وہ ایک طرف اس وباء کے دوران اپنے کھیتوں میں دن رات کام کر رہے ہیں اور اس بات پر بھی فکر مند ہیں کہ ملک میں کوئی بھوکا نہ سوئے۔ دریں اثنا، وزیر اعظم نے ماسک کی اہمت کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب ماسک زندگی کا حصہ بن گئے ہیں کیوں کہ خود کو محفوظ رکھنے کے لئے فی الحال ماسک انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔


Share: