نئی دہلی،2؍اپریل (ایس او نیوز؍ایجنسی) حکومت نے سال 2019کا داداصاحب پھالکے ایوارڈ معروف فلم اداکار رجنی کانت کو دیئے جانے کا اعلان کیاہے۔
اطلاعات ونشریات کے وزیر پرکاش جاؤڈیکرنے جمعرات کو ٹویٹ کرکے 51 ویں داداصاحب پھالکے ایوارڈ کیلئے مسٹر رجنی کانت کے نام کااعلان کیا۔3مئی کو مسٹر رجنی کانت کو نیشنل فلم ایوارڈ تقریب میں اس اعزازسے نوازاجائیگا۔مسٹر جاؤڈیکر نے کہاکہ یہ بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ سال 2019کا دادا صاحب پھالکے ایوارڈ ہندوستانی سنیما کی تاریخ میں عظیم فنکاروں میں سے ایک رجنی کانت جی کو دیاجارہاہے۔ اداکار،پروڈیوسر اور کہانی کارکے طورپر انکی گراں قدر خدمات ہیں۔
انھوں نے کہاکہ مسٹر رجنی کانت ایسے معروف اداکار ہیں جنھوں نے 50سال سے ہندوستانیوں کے دلوں پر راج کیاہے۔1992میں انکی اداکاری والی فلم‘انا ملائی ’میری پسندیدہ فلم رہی ہے۔مسٹر جاؤڈیکر نے داداصاحب پھالکے ایوارڈ کی سلیکشن کمیٹی کے ممبروں آشابھوسلے،سبھاش گھئی،موہن لال،شنکر مہادیون اور بسواجیت چٹرجی کا بھی شکریہ اداکیا۔
انھوں نے کہاکہ ایوارڈسلیکشن کمیٹی کے ممبروں نے اتفاق رائے سے رجنی کانت کے نام کی حمایت کی جسے حکومت نے قبول کرلیا۔