وردھا2اکتوبر ( آئی این ایس انڈیا /ایس او نیوز) مہاتما گاندھی کی جینتی کے موقع پر مہاراشٹر کے وردھا میں منعقد ’’سنکلپ ریلی ‘‘میں کانگریس صدر راہل گاندھی نے نریندر مودی حکومت پر جم کر حملہ بولا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ مودی کی گاڑی پنکچر ہو گئی ہے اور ان کی گاڑی کا انجن بھی پھٹ گیا ہے۔ مودی حکومت نے عوام کے اعتماد کو توڑ دیا۔ اس لیے اس بار آپ کانگریس پر بھروسہ کیجئے۔
اس ریلی میں راہل گاندھی نے نوٹ بندی ، روزگار، کسانوں کے مسائل اور رافیل ڈیل جیسے کئی مسائل پر مودی حکومت پر سوال کھڑے کئے ۔ راہل گاندھی نے کہا کہ15 اگست کو وزیر اعظم نے اپنی تقریر میں کہا کہ میرے وزیر اعظم بننے سے پہلے ہندوستان سو رہا تھا۔ میرے وزیر اعظم بننے کے بعد دنیا کو لگا کہ ہندوستان بیدار ہوگیا ہے ۔ میں سوچ رہا تھا کہ وزیر اعظم کیسے شخص ہیں؟ لال قلعہ سے ملک کے عوام کی توہین کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم گاندھی جی کی مورتی کے سامنے ہاتھ جوڑتے ہیں، لیکن کہتے ہیں ملک کو توڑنا ہے۔ وہ لوگوں کو ذات، مذہب میں لڑواتے ہیں۔ نفرت اور اشتعال پھیلاتے ہیں۔روزگار کے معاملہ پر راہل گاندھی نے کہاکہ 15 لاکھ کا وعدہ سچا تھا یا جھوٹا؟ دو کروڑ روزگار کا وعدہ سچا تھا یا جھوٹا؟ کسانوں سے کہا تھا کہ صحیح دام دلوا ؤں گا ۔ انہوں نے کہا کہ سویابین، کپاس، دال، سب کے دام گھٹ گئے ہیں۔ اس حکومت نے کسانوں کو کچھ نہیں دیا۔رافیل ڈیل کو لے کر راہل نے کہا کہ مودی جی نے کہا، میں وزیر اعظم نہیں چوکیدار بننا چاہتا ہوں۔ وزیر اعظم نے گاندھی جی پر مضامین بھی لکھا ہے۔ آپ بتائیے کہ عام لوگوں کی جیب سے 30 ہزار کروڑ روپیہ نکال کر سرکاری کمپنی کی بجائے انل امبانی کے جیب ڈال دیا، یہ کیسی چوکیداری ہے؟ انل امبانی کی کمپنی کو جہاز بنانے کا کوئی تجربہ نہیں ہے۔انل امبانی پر 45 ہزار کروڑ کا قرض ہے؛ لیکن بینکوں کا پیسہ واپس نہیں کر رہے ہیں ۔نہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے 526 کروڑ کے جہاز کو 1600 کروڑ میں کیوں خریدا؟ فرانس کے سابق صدر نے کہا کہ نریندر مودی نے انل امبانی کو ٹھیکہ دینے کے لئے فرانس کی حکومت کو کہا تھا۔ سردار پٹیل، چین، پاکستان، گاندھی جسے موضوعات پر بولتے ہیں لیکن رافیل پر میرے سوالات کا جواب نہیں دیتے۔نوٹ بندی کو لے کر راہل نے کہا کہ پی ایم مودی نے نوٹ بندی لاگو کرکے عوام کو لائن میں لگوا دیا۔ کیا لائن میں امبانی، مالیا، چوکسی جیسے صنعت کار کھڑے تھے؟ انہوں نے پچھلے دروازے سے کالا دھن سفید کر لیا۔ ہندوستان کے چوروں نے وزیر اعظم کی مدد سے لاکھوں کروڑ روپے کا کالا دھن سفید کر لیا۔