نئی دہلی،24/جولائی (ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) راہل گاندھی کے استعفیٰ دینے کے بعد کانگریس کا صدر کا عہدہ اب تک خالی ہے۔پارٹی اب تک کسی ایک نام پر مہر نہیں لگا پائی ہے۔کانگریس کے نئے صدر کے نام پر مہر کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں لگے گی۔ذرائع کے مطابق کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ راہل گاندھی کے ملک واپس لوٹنے کے بعد ہوگی۔نئے صدر کے انتخاب کو لے کر انتخابات پروگرام کا اعلان آنے والے دنوں میں کیا جا سکتا ہے۔اس وقت تک تنظیم کے سیکرٹری جنرل کے سی وینو گوپال پارٹی کے روز مرہ کے معاملات کی دیکھ بھال کر سکتے ہیں۔اسی ماہ کے آغاز میں راہل گاندھی نے اعلان کیا تھا کہ وہ اب پارٹی چیف نہیں ہیں اور پارٹی رہنماؤں کو بغیر تاخیرکیے نیا پارٹی صدر منتخب کر لیناچاہیے۔راہل گاندھی نے کہاتھاکہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کو جلد ایک میٹنگ بلانی چاہئے اور نئے پارٹی چیف پر فیصلہ کرنا چاہئے۔لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کی کارکردگی بدتر رہی،542 سیٹ میں سے کانگریس کو صرف 52 نشستیں ہی نصیب ہوئیں۔خود راہل گاندھی بھی امیٹھی سے الیکشن ہار گئے،اس کے بعد انہوں نے استعفیٰ کی پیشکش کی۔کانگریس میں نئے صدر کے طور پر سچن پائلٹ اور جیوتی رادتیہ سندھیا کا نام بحث میں ہے لیکن اب تک کوئی فیصلہ نہیں ہو پایا ہے۔کچھ دنوں پہلے کانگریس کے سینئر لیڈر جیوتی رادتیہ سندھیا نے کہا تھا کہ کانگریس کو اب زیادہ وقت نہ لگا کر نیا پارٹی صدر منتخب کر لینا چاہئے۔میڈیا سے بات چیت میں سندھیا نے کہا تھاکہ ہم نے کبھی سوچا نہیں تھا کہ جس راہل گاندھی نے کانگریس ہی نہیں، عام لوگوں کی قیادت کی، وہ اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے،یہ کانگریس کے لئے مشکل وقت ہے،اس میں کوئی رائے نہیں۔