نئی دہلی،3؍مارچ(ایس او نیوز؍ایجنسی)کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے منگل کو پرتشٹتھ کارنل یونیورسٹی کے ایک ورچیول پروگرام سے خطاب میں کہاکہ سابق وزیراعظم آنجہانی اندراگاندھی کی جانب سے لگائی گئی ایمرجنسی ایک غلطی تھی لیکن اس وقت جو ہوا اور موجودہ وقت میں جو ہورہا ہے اس میں بہت زیادہ فرق ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہاکہ اپنی غلطی تسلیم کرنا بہت ہمت کی بات ہوتی ہے۔ موجودہ وقت میں پارلیمنٹ میں ہمیں بولنے کی اجازت نہیں ہے۔ عدالتوں سے امیدیں نہیں ہیں۔ آر ایس ایس اور بی جے پی کے پاس بے تحاشہ اقتصادی طاقت ہے۔ حزب اختلاف کے ساتھ کسی کو بھی کھڑے ہونے کی اجازت نہیں ہے۔ دراصل یہ جمہوریت پر منصوبہ بند حملہ ہے۔ منی پور میں گورنر بی جے پی کی مدد کررہے ہیں۔ پڈوچیری میں نائب گورنر نے کئی بل کو پاس نہیں ہونے دیا کیونکہ وہ آر ایس ایس سے جڑی ہوئی تھیں۔ اس کے برخلاف کانگریس نے کبھی بھی اداروں کا فائدہ اٹھانے کی کوشش نہیں کی۔ مودی کی قیادت والی بی جے پی سرکار ہندوستان کی جمہوری ساخت کو نقصان پہنچارہی ہے۔ پارلیمان میں ڈبیٹ کے دوران مائک بند کردیا جاتا ہے۔ تو کیا اسے جمہوریت کہا جائے گا۔ آر ایس ایس ہر جگہ دراندازی کررہا ہے۔ تمام اداروں پر حاوی ہوچکا ہے۔ کیا یہ جمہوری ملک میں صحیح ہے۔؟