ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / راجیہ سبھا میں اب بی جے پی کے پاس 69، کانگریس کے پاس 50سیٹیں

راجیہ سبھا میں اب بی جے پی کے پاس 69، کانگریس کے پاس 50سیٹیں

Sat, 24 Mar 2018 21:34:39    S.O. News Service

نئی دہلی ،24؍ مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)راجیہ سبھا کی 58 سیٹوں کے انتخابات کے نتائج آنے کے بعد راجیہ سبھا میں اب بی جے پی کے کھاتے میں 11سیٹوں کا اضافہ ہوا ہے جبکہ کانگریس نے اپنی چار سیٹیں کھو دیں ہیں۔اس کے ساتھ ہی اب پارلیمنٹ کے اس اعلی ایوان میں بھگوا پارٹی کی حالت ان کے قریبی حریف کے مقابلے میں کافی مضبوط ہو گئی ہے۔جمعہ کو ہوئے انتخابات میں بی جے پی کے 28 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔اس طرح سے بی جے پی کو 11 سیٹوں کا فائدہ ہوا ہے، تو وہیں کانگریس نے صرف 10 سیٹوں پر جیت درج کی ہے جبکہ پہلے اس کا ان میں سے 14 سیٹیوں پر قبضہ تھا۔اس طرح پارٹی کو چار سیٹوں کا نقصان ہوا ہے۔اعداد و شمار یہ بتاتے ہیں کہ 245رکنی ایوان میں اب بی جے پی کی سیٹوں کی تعداد موجودہ 58 سے بڑھ کر 69 ہو جائے گی اور کانگریس کی سیٹیں اب54 سے گر کر 50 رہ جائیں گی۔نئے ممبران پارلیمنٹ کی حلف برداری اگلے ہفتے ہوگی۔تاہم بی جے پی قیادت اتحاد این ڈی اے راجیہ سبھا میں اکثریت سے اب بھی دور ہے۔پارٹی کو ابھی حال ہی میں ایک جھٹکا لگا ہے جب چار سال سے اس کی اتحادی رہی تیلگودیشم پارٹی نے اس سے ناطہ توڑ لیا۔ایوان میں اس وقت ٹی ڈی پی کے چھ رکن ہیں۔بہرحال کانگریس اور سماجوادی پارٹی جیسے اپنے اہم اپوزیشن جماعتوں کی تعداد میں کمی سے بی جے پی کا خیمہ کافی حوصلہ افزا ہے۔ایس پی کی جھولی میں صرف ایک سیٹ آئی ہے جبکہ ایوان میں اس کے چھ ارکان کی مدت اب ختم ہونے جا رہی ہے۔بی جے پی کے ذرائع نے بتایا کہ حکومت اب ایوان میں پہلے سے کافی اچھی حالت میں ہے کیونکہ حکومت کے قانون سازی ایجنڈے پر اے آئی اے ڈی ایم کے، ٹی آر ایس، وائی ایس آر کانگریس اور بی جے ڈی جیسے این ڈی اے کے باہر والی علاقائی پارٹیوں کی اس کو حمایت ملنے کا امکان ہے۔


Share: