جئے پور،11؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) راجستھان میں سیاسی بحران کا اختتام اب تقریباً طے مانا جارہا ہے- پارٹی ذرائع کی مانیں تو اشوک گہلوٹ اور سابق نائب وزیر اعلیٰ اور باغی لیڈر سچن پائلٹ میں صلح ہوگئی ہے- کانگریس ذرائع کے مطابق کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی نے راجستھان کے سیاسی بحران کے درمیان وزیر اعلیٰ اشوک گہلوٹ سے تقریباً بیس منٹ فون پر بات کی ہے- یہ بات مصالحت کے فارمولہ کو لے کر ہوئی ہے- حالانکہ ابھی افیشیل طور پر اس کا اعلان نہیں ہوا ہے-پیر کو راجستھان کا سیاسی واقعہ تیزی سے بدلا اور شام ہوتے ہوتے سچن پائلٹ کیمپ کے ممبر اسمبلی بھنور لال شرما جے پور میں وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر ملاقات کیلئے پہنچے- اس بات کی ممبر اسمبلی بھنور لال شرما کے بیٹے نے تصدیق کی ہے- بتادیں کہ ممبر اسمبلی بھنور لال شرما کا آڈیو ٹیپ سامنے آیا تھا- یہی نہیں، گہلوٹ سے ملاقات کے بعد شرما نے کہا کہ گھر کا معاملہ گھر میں نمٹ گیا- اب کوئی شکوہ شکایت نہیں ہے- ساتھ ہی شرما نے کہا کہ میں نے پارٹی نہیں چھوڑی تھی جبکہ سچن پائلٹ کو لے کر کہا کہ وہ اپنے بارے میں خود بتائیں گے-یہی نہیں، ذرائع کے مطابق سچن پائلٹ اور راہل گاندھی کی دوسری ملاقات کچھ دیر بعد ہوسکتی ہے- یہ ملاقات راہل گادھی کے تغلق لین میں واقع رہائش گاہ پر ہوگی- اس کے بعد یہ تقریباً صاف ہوگیا کہ گہلوٹ اور سچن میں صلح ہوگئی ہے-شرما کو ایس او جی بھی تلاش کررہی تھی- بھنور لال شرما سچن پائلٹ کیمپ کے لیڈر ہیں - گزشتہ دنوں کانگریس نے شرما کو معطل بھی کیا تھا- ایسا مانا جارہا ہے کہ سچن پائلٹ خیمہ کے باقی ممبران اسمبلی بھی رات تک جے پور پہنچ جائیں گے- کانگریس لیڈر سونیا گاندھی پائلٹ اور ان کے حامیوں کا رول طے کریں گی- ایسا مانا جارہا ہے کہ پارٹی اور حکومت میں پہلے کے رول میں ہی سچن پائلٹ رہیں گے-