بھدراوتی،22؍اکتوبر (ایس او نیوز) اسمبلی انتخابات کے موقع پر کانگریس پارٹی کے لیڈر و سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا کو شکست دینے کی ہر ممکن کوشش کرنے والے سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڈا اور کمارسوامی نے انتخابات کے بعد مشترکہ اخباری کانفرنس منعقد کرکے ان کے موقع پرست ہونے کا اعلان کیا ہے۔ یہ بات سابق وزیر اعلیٰ و بی جے پی کے ریاستی صدر بی ایس ایڈی یورپا نے کہی۔
انہوں نے یہاں شہر کے بسویشورا سرکل کے قریب منعقدہ بی جے پی کے انتخابی مہم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں کانگریس۔ جے ڈی ایس کی مخلوط حکومت قائم ہے۔ دونوں پارٹیاں عوام کا دم بھرتی ہیں۔ لیکن حکومت مردہ ہوچکی ہے۔ عوام کو بھول بیٹھی ہے اور صرف تبادلوں کے دھندہ میں مصروف ہیں۔ ایڈی یورپا نے کہا کہ ریاست کے 100 سے زائد تعلقوں میں قحط سالی ہے اس پر توجہ دینے کی بجائے ریاستی حکومت صرف اعلیٰ افسروں کے تبادلوں کے کارروبار میں لگی ہوئی ہے۔ عوام کے ساتھ دھوکہ کررہی ہے۔پچھلے اسمبلی انتخابات میں حلقے کے بی جے پی امیدوار کو شکست ہوئی تھی، اس کے باوجود اب تک ہوئے دیگر انتخابات میں پارٹی کو جیت حاصل ہوئی ہے۔ لوک سبھا حلقہ میں بھی بی جے پی کو اکثریت کے ساتھ کامیابی ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں سر ایم وشویشوریا کی جانب سے قائم کردہ وی آئی ایس ایل کارخانے کو بچانے اور حلقہ کی ترقی کیلئے بی وائی راگھویندرا کو بھاری اکثریت کے ساتھ کامیاب بنانا ہوگا۔ راگھویندرا نے اپنے خطاب میں کا کہا کہ 6ماہ کے بعد پھر سے لوک سبھا انتخابات کا سامنا کرنا ہے۔ جس کیلئے یہ ضمنی انتخابات ماڈل ہوں گے۔ اس لئے ہر ایک ووٹر کو چاہئے کہ بغیر لاپروائی برتے پولنگ بوتھ جائے اور اپنے ووٹ کا استعمال کرے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی امیدواروں کو کامیاب بنانے کے ذریعہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ہاتھ مضبوط کریں۔ یہاں کے وی آئی ایس ایل کارخانے کی ترقی کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔
شرنگیری کے سابق رکن اسمبلی جیوراج نے کہا کہ بی جے پی میں ذات پات کا بھید بھاؤ نہیں ہے۔ مگر وکلیگا طبقہ سے جڑے ایک کنبہ کے افراد نے ریاست میں لوٹ مچا رکھی ہے۔ انہوں نے اپنی طرف سے ایک پارٹی قائم کی ہے۔ جس کا قومی صدر باپ ہے تو ایک بیٹا وزیر اعلیٰ کے عہدہ ہے اور دوسرے کو اہم قلمدان دیا گیا ہے، اس طرح کا نظام بی جے پی نے کبھی نہیں قائم کیا اور نہ ہی اس کو کبھی موقع سے سکتی ہے۔ اس موقع پر سابق وزیر رینوکا چاریہ، رکن کونسل ردرے گوڈا، پارٹی کے سٹی صدر آنند کمار، رورل صدر ردریش اور دیگر موجود تھے۔