نئی دہلی، 18/فروری(ایس او نیوز/یو این آئی) مرکزی وزیرقانون روی شنکر پرساد نے جنوبی ہندوستان کے چنئی میں سپریم کورٹ کی بنچ قائم کرنے کے مطالبہ سے متعلق کہا کہ آئین کے آرٹیکل 130 کے مطابق سپریم کورٹ کی بنچ صرف دہلی میں ہی ہوسکتی ہے اور چیف جسٹس اور صدر کی منظوری کے بعد ہی دیگر مقامات پر اس کی بنچ قائم کرسکتے ہیں۔ پرساد نے ایک خط لکھ کر مسٹروائکو کے اس معاملے میں راجیہ سبھا میں پوچھے گے سوال کے جواب میں یہ بات کہی ہے۔ مسٹر پرساد نے کہا ہے کہ لاکمیشن نے اپنی 22ویں رپورٹ میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی آئینی بنچ دہلی میں ہوگی۔
جبکہ دیگر مقدموں کی سماعت کے لئے چنئی اور حیدرآباد کے علاوہ کولکتہ اور ممبئی میں بنچ قائم کی جاسکتی ہے۔وزیر قانون نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے دہلی کے علاوہ دیگر مقامات پر اپنی بنچ کی تشکیل کی مخالفت کی ہے اس کے لئے وقتاً فوقتا ًہندوستان کے اٹارنی جنرل کا مشورہ مانگا گیا ہے لیکن سبھی نے اس کی مخالفت کی ہے۔