ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دہلی الیکشن کے نتائج نے نفرت پر مبنی سیاست کو سرے سے خارج کردیا ہے: امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند دہلی،عبدالوحید

دہلی الیکشن کے نتائج نے نفرت پر مبنی سیاست کو سرے سے خارج کردیا ہے: امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند دہلی،عبدالوحید

Wed, 12 Feb 2020 23:59:44    S.O. News Service

نئی دہلی،12/فروری(ایس او نیوز/پریس ریلیز) امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند دہلی،عبدالوحید نے دہلی اسمبلی الیکشن کے نتائج میں عام آدمی پارٹی کو حاصل ہونے والی کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہلی اسمبلی الیکشن کے نتائج نے ثابت کردیا ہے کہ اہل ملک کو نفرت پر مبنی سیاست بالکل پسند نہیں ہے۔وہیں اس الیکشن نے یہ بھی ثابت کیا ہے کہ جس طرح ایک خاص معاشرہ سے وابستہ افراد کو ملک میں بر سراقتدار پارٹی کے لیڈران نے دوران الیکشن نشانے پرلیا تھا،انہیں بدنام کرنے کی ہر ممکن کوشش کی تھی،سماج میں انتشار اور ٹکراؤ کی کیفیت پیدا کرنے کے لیے بیانات دیے جارہے تھے،اور عوامی مسائل کے حل کی جگہ مصنوعی ایشوز کو اٹھایاجارہا تھا،وہیں CAAاورNRCکے حق میں ووٹ مانگے جارہے تھے۔ان تمام ایشوز کو دہلی کے ووٹروں نے اپنے ووٹ کے حق سے ثابت کردیا ہے کہ دراصل یہ مسائل سرے سے عوامی مسائل تھے ہی نہیں۔برخلاف اس کے عوامی مسائل میں سب سے بڑا مسئلہ دہلی میں لا اینڈ آڈر کو مینٹین کرنا،جرائم اور ظلم و زیادتیوں کا خاتمہ ہے۔واقعہ یہ ہے کہ بڑے پیمانہ پر دہلی میں جرائم انجام دیئے جاتے ہیں،خواتین کے ساتھ بدسلوکی کی جاتی ہے اور کمزوروں پر ظلم و زیادتیاں کی جاتی ہیں،یہاں تک کہ طلبہ و طالبات اسکول اور کالج میں محفوظ نہیں بلکہ بدسلوکیوں اورمظالم کا شکار ہیں۔اس کے باوجود برسراقتدار حکومت جس کے ہاتھ میں پولیس ہے وہ اس جانب توجہ نہیں دے رہی ہے۔

عبدالوحید نے عام آدمی پارٹی کے لیڈر اروند کیجریوال سے مطالبہ کیا ہے کہ دہلی میں تیسری مرتبہ ان کی پارٹی کی حکومت بننے کے بعد وہ دہلی اور دہلی سے وابستہ شہریوں کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دیں گے۔جن محلوں میں ڈیولپمنٹ کے کام سست رفتاری سے ہوئے ہیں،انہیں جلد حل کیا جائے گا،ساتھ ہی وہ اس بات کو بھی سمجھیں گے کہ دراصل انہیں جو ووٹ حاصل ہوئے ہیں اس کی ایک وجہ جہاں عوامی مسائل کے حل میں ان کی کوششیں رہی ہیں وہیں اہل دہلی نے نفرت پر مبنی سیاست کو سرے سے خارج کیا ہے،اس لحاظ سے ان کی کوشش ہونی چاہیے کہ وہ نفرت کو کسی بھی سطح پر پنپنے نہ دیں اور نہ ہی سماج میں موجود مختلف مذاہب و نظریات کے حاملین کے درمیان بیانات واقدامات سے دوری پیدا ہونے دیں۔ساتھ ہی ان کی حکومت کو چاہیے کہ وہ آئینی اصولوں کے برخلافCAAمیں امینڈمنٹ کا مطالبہ کرے اور دہلی اسمبلی میں NRCکے خلاف قرارداد منظور کرے۔نیز آئین نے اپنے شہریوں کو جن بنیادی حقوق اور حق مساوات کی ضمانت دی ہے،اسے نہ صرف نافذ العمل بنائیں گے بلکہ جو لوگ انفرادی و اجتماعی طور پر ان حقوق کے استحکام کی سعی و جہد میں مصروف عمل ہیں انہیں تعاون دیں گے۔


Share: