منگلورو:ہکم ؍نومبر(ایس اؤ نیوز)بھارتی بحریہ حدود میں غیر قانونی طورپر داخل ہوکر ماہی گیری کرنے کے الزام میں ایران کی دو ماہی گیرکشتیوں کو بھارتی کوسٹ گارڈ نے اپنی تحویل میں لےکر 15افراد کو کوسٹل سیکوریٹی پولس کے حوالے کردیا ہے۔ واقعہ جمعرات کی شام کو پیش آیا ہے۔
کوسٹل سیکوریٹی پولس کے سپرنٹنڈنٹ آف پولس مسٹر آر چیتن نے بتایا کہ انڈین کوسٹ گارڈ کے ڈپٹی کمانڈنٹ اینڈ بورڈنگ آفسر کلدیپ شرما کی شکایت پر سبھی 15 افراد کو جمعرات کی شام کو گرفتار کیا گیا اور عدالت میں پیش کرکے 14/نومبر تک جوڈیشیل کسٹڈی میں بھیج دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستانی حدود میں داخل ہونے کی بات اُس وقت معلوم ہوئی جب کوسٹ گارڈ کی کشتی وکرم اپنے حدود کی پٹرولنگ کررہی تھی۔
گرفتارشدہ ایرانی شہریوں کی شناخت اعظم انصاری، ابوبکر انصاری میاں، موسیٰ دہدانی ، شید باچو، عبدالمجید، مجید رحمانی داؤد، محمد اسحق، کریم بخش دورزادے، محمد بلوچ، بمن، عبدالغنی باپور، نصیر بھدروز،انوربلوچ، نبی بخش اور یوسف جہانی کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ بھارتی کوسٹ گارڈ 21/ اکتوبر کو اپنی حدود میں گشت کرنے کے دوران لکش دیپ کے قریب دو ایرانی ماہی گیر کشتیوں اویدھی اور ایشان کو ہندوستانی بحری حدود میں داخل ہوکر مچھلیوں کا شکار کرتےہوئے پایا۔ جس کے بعد کوسٹ گارڈ نے دونوں کشتیوں کو اپنی تحویل میں لےکر منگلورو کے نیو بندرگاہ کی طرف روانہ ہوئے۔ بتایا گیا ہے کہ اس دوران راستے میں ہی اویدھی نامی ایک کشتی ٹیکنکل خرابی کی وجہ سےسمندر میں ہی غرق ہونے لگی۔ اسی وقت کوسٹ گارڈ نے کشتی میں موجود تمام افراد کو دوسری کشتی میں سوارکراتے ہوئے تمام لوگوں کو منگلورو بندرگاہ پہنچے ۔
نیو منگلورو بندرگاہ پر موجود کوسٹ گارڈ کے ڈپٹی کمانڈنٹ کلدیپ شرما کی شکایت پر منگلورو تھانہ میں شکایت درج کی گئی ہے۔ اور پولس مزید چھان بین کررہی ہے۔