بنگلورو31؍اکتوبر(ایس او نیوز؍ نیوز) درج فہرست طبقات کے بے روزگار نوجوانو ں کی سہولت کے لئے 800کروڑ روپیوں کی لاگت سے خود روزگار فراہم کرنے کی سمردھی اسکیم متعارف کرائی گئی ہے۔محکمۂ سماجی بہبود کی طرف سے یہ اسکیم متعارف کروائی گئی ہے۔عوامی ونجی اشتراک سے اس اسکیم کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ رواں سال اس اسکیم کے ذریعے درج فہرست ذاتوں اور قبائل کے دس ہزار بے روزگاروں کو سہولت فراہم کی جائے گی۔ یہ اعلان آج ریاستی وزیر برائے سماجی بہبود پریانک کھرگے نے کیا۔
ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک میں پہلی بار اس نوعیت کی اسکیم کرناٹک میں لاگو ہونے جارہی ہے۔ اس اسکیم کے تحت منتخب ہونے والے نوجوانوں کو خود روزگار اپنانے کے لئے دس لاکھ روپیوں تک کی مالی مدد دی جائے گی۔ اس کے لئے محکمہ مختلف نجی ایجنسیوں سے اشتراک کرے گا۔ انہیں روزگار کے ساتھ ہنر مندی کی تربیت سے آراستہ کرنے کے ساتھ ان کے منتخب کردہ پیشے کے حساب سے سرمایہ اور دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ اس اسکیم کے تحت جو بھی کاروبار شروع کیاجائے گا اس کے لئے مارکیٹنگ اور ٹیکنیکی مدد بھی دی جائے گی۔ ملک کی معروف برانڈڈ کمپنیوں سے اس اسکیم کو جوڑا جائے گا تاکہ ان کمپنیوں کی مانگ کو پورا کرنے کے لئے خود روزگار اسکیم کے تحت شروع ہونے والی یونٹوں کو ہم آہنگ کیا جاسکے۔ اس کے علاوہ کرانے کی دکان ، وولو و کیاب، چائے کی دکان ، باٹا آؤٹ لیٹ، کے ایم ایف آؤٹ لیٹ، موبائل کی دکان ، موبائل مرمت کرنے کا مرکز ، برانڈڈ دواؤں کی فروخت کا مرکز ، کافی کا مرکز اور دیگر تجارتوں کو بڑھاوا دینے کے لئے ملک گیر پیمانے پر اس شعبے میں سرگرم بڑے تجارتی گروپوں سے اشتراک کیا جائے گا۔ شہری اور دیہی علاقوں میں خود روزگار کے مواقع ہموار کرنے کے لئے ابتدائی طور پر اس اسکیم پر 800 کروڑ روپے صرف کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ خود روزگار اپنانے والے نوجوانوں کو دس لاکھ روپیوں کے قرضے کے ساتھ اس قرضے پر بھاری سبسیڈی بھی محکمے کی طرف سے فراہم کی جائے گی۔ 7؍ نومبر سے اس اسکیم کے لئے آن لائن درخواستیں لی جائیں گی، اور ایک ماہ تک درخواستیں حاصل کرنے کے بعد دسمبر سے اس اسکیم پر عمل پیرائی شروع ہوجائے گی۔ کم از کم دسویں جماعت پاس نوجوان جن کی عمر 21 سال ہو اور زیادہ سے زیادہ 50 سال ہو انہیں اس اسکیم سے فائدہ اس شرط پر مہیا کرایا جائے گا کہ پورے خاندان کی سالانہ آمدنی پانچ روپیوں سے زائد نہ ہو۔