ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / درج فہرست طبقات کے گرانٹس کو صرف کرنے میں تاخیر ناقابل برداشت: کمار سوامی

درج فہرست طبقات کے گرانٹس کو صرف کرنے میں تاخیر ناقابل برداشت: کمار سوامی

Sat, 29 Sep 2018 12:40:56    S.O. News Service

بنگلورو، 29؍ستمبر(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے سرکاری افسروں کو ہدایت دی ہے کہ درج فہرست طبقات کی ترقی کے لئے ریاستی حکومت کی طرف سے مختص کردہ فنڈوں کو وقت مقررہ پر صرف کیا جائے ۔آج محکمۂ سماجی بہبود کی جانب سے ودھان سودھا میں منعقدہ صوبائی کونسل کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ ریاستی حکومت کی طرف سے مختلف محکموں کے ذریعے درج فہرست ذاتوں اور قبائل کو جوگرانٹ مہیا کرائے جاتے ہیں ان کا بھرپور استعمال کیا جائے اور یہ یقینی بنایا جائے کہ ان پروگراموں کے ذریعے مستحقین کو فائدہ راست طور پر پہنچے۔

انہوں نے کہاکہ درج فہرست طبقات کی فلاح وبہبود کے لئے حکومت کی طرف سے مقرر کئے گئے گرانٹس کو صرف کرنے میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ کونسل کی میٹنگ کے دوران درج فہرست طبقات کی ترقی کے لئے جو بھی لائحہ عمل طے کیا جائے گا تمام سرکاری افسروں کی یہ ذمہ داری ہوگی کہ اس پر عمل یقینی بنائیں۔ میٹنگ میں نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور، و زیر برائے سماجی بہبود پریانک کھرگے ، وزیر برائے تعمیرات عامہ ایچ ڈی ریونا ، وزیر برائے اعلیٰ تعلیمات جی ٹی دیوے گوڈا رکن پارلیمان دھروا نارائن ، چیف سکریٹری وجئے بھاسکر ، رکن اسمبلی ایچ کے کمار سوامی اور دیگر موجود تھے۔
 


Share: