ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / خواتین کے لئے پنک بسیں اور24 گھنٹے میٹرو خدمات کا منصوبہ بی بی ایم پی کے میئردونوں اداروں میں یہ تجویز پیش کریں گے

خواتین کے لئے پنک بسیں اور24 گھنٹے میٹرو خدمات کا منصوبہ بی بی ایم پی کے میئردونوں اداروں میں یہ تجویز پیش کریں گے

Mon, 30 Jul 2018 12:01:47    S.O. News Service

بنگلورو،30؍جولائی(ایس او نیوز)خواتین کے لئے مخصوص ’’پنک آٹو‘‘ کی طرز پر شہر کے مئیر آر سمپت راج، خواتین مسافرین کے لئے مخصوص پنک بسیں جاری کرنے کے سلسلہ میں بنگلور میٹرو پالیٹن ٹرانسپورٹ کارپوریشن (بی ایم ٹی سی) سے گذارش کرنے پر غور کر رہے ہیں۔یہ تجویز کل گذشتہ بروہت بنگلورو مہا نگرا پالیکے (بی بی ایم پی) کے خصوصی کونسل اجلاس میں پیش کی گئی تھی جس میں بی ایم ٹی سی کے افسران بھی شریک ہوئے تھے۔یہ شہر کے مئیر کے خواتین دوست اقدامات میں سے ایک ہے ، واضح رہے کہ اس سے قبل انہوں نے برگیڈ روڈ پر خواتین کے لئے مخصوص پنک پارکنگ، پنک آٹو اور پنک بیبی اسکیم وغیرہ بھی جاری کئے ہیں۔بی ایم ٹی سی کے ایک اعلیٰ افسر چنا بسپا نے کہا کہ خواتین ڈرائیوروں کو شامل کرنے کے سلسلہ میں ایک مہم کو بھی شامل کیا جانا چاہئے، انہوں نے کہا کہ ’’شہر میں ضرورت کے مطابق خواتین ڈرائیور نہیں ہیں اور ہم نے یہ منصوبہ بنایا ہے کہ ہم دلچسپی رکھنے والی خواتین کو ڈرائیونگ کی تربیت فراہم کریں‘‘۔البتہ سمپت راج نے کہا کہ ’’پنک بس خدمات کے لئے یہ ضروری نہیں ہوگا کہ ان کے ڈرائیور اور کنڈکٹر بھی خواتین ہی رہیں یہ بسیں شہر میں صرف خواتین مسافروں کے لئے ہونگی‘‘۔بی بی ایم پی کی خصوصی کونسل نے بی ایم ٹی سی سے یہ مطالبہ کر تے ہوئے کہ تمام میٹرو اسٹیشنوں کے لئے مزید فیڈر بسیں جاری کی جائیں ایک قرار داد بھی منظور کی ۔ بی ایم ٹی سی نے اس سے قبل اپنی بسوں میں خواتین کے لئے مخصوص پنک نشستیں مختص کی تھیں۔جئے محل کے کارپوریٹر ایم کے گنا شیکھر نے کہا کہ’’بی ایم ٹی سی بس اڈوں کی طرف سے اشتہارات سے متعلق ٹیکس ادا نہیں کیا جا رہا ہے حالانکہ وہ لوگ سالوں سے ان بس اڈوں پر لگائے جانے والے اشتہارات کے ذریعہ آمدنی حاصل کر رہے ہیں ، اس طرح بلدیہ ٹیکس کا نقصان برداشت کر رہا ہے‘‘،سابق مئیر پی آر رمیش نے بھی ان کی بات کی تائید کی۔سمپت راج نے یہ بھی کہا کہ وہ بنگلورو میٹرو پالیٹن ریل کارپوریشن لمیٹڈ (بی ایم آر سی ایل) سے گذارش کریں گے کہ وہ ہفتہ کے ساتوں دن اور دن کے چوبیس گھنٹے میٹرو کی خدمات فراہم کرے، بی ایم آر سی ایل کے چیف پبلک رلیشنس افسر یو اے وسنت راؤ نے اس تجویز پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔


Share: