نئی دہلی، 30 جولائی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)قومی خواتین کمیشن (این سی ڈبلیو)نے اس خاتون کی موت کے کیس کی تحقیقات کے لئے پیر کو ایک ٹیم جے پور بھیجی جس نے اپنے شوہر کے ایک رشتہ دار کی اس کی مبینہ طور پر عصمت دری کرنے کے لئے گرفتاری کی مانگ کو لے کر ایک پولیس تھانے میں خودکشی کر لی تھی۔قریب 36 سالہ خاتون نے پانچ جون کو ایک پولیس تھانے میں ایک ایف آئی آر درج کرائی تھی جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ ملزم رویندر سنگھ نے 2015 میں اس سے عصمت دری کی تھی،ملزم کو گرفتار نہیں کیا گیا اور خاتون اس کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہی تھی۔خاتون اپنے بیٹے کے ساتھ اتوار کو پولیس تھانے پہنچی جہاں اس نے اس کے صدردروازے کے پاس خود پر پٹرول ڈال کر آگ لگا لی،وہ تقریبا 60 فیصد جھلس گئی تھی اور اسے ایس ایم ایس ہسپتال میں داخل کرایاگیا،خاتون نے بعد میں وہاں دم توڑ دیا۔این سی ڈبلیو صدر ریکھاشرما نے کہا کہ وہ خاتون کی موت کی تحقیقات کے لئے ایک ٹیم بھیجے گی۔راجستھان پولیس نے کہا کہ عصمت دری معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے لیکن ملزم کو گرفتار کرنے کے لئے کافی ثبوت نہیں ہیں۔