ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جین تیر تھنکروں کی کروڑوں روپے مالیت والی مسروقہ قدیم مورتیوں کے ساتھ5افراد گرفتار

جین تیر تھنکروں کی کروڑوں روپے مالیت والی مسروقہ قدیم مورتیوں کے ساتھ5افراد گرفتار

Sun, 25 Feb 2018 12:57:47    S.O. News Service

کنداپور 25؍فروری (ایس او نیوز) کنداپور سے قریب کوٹیشورا میں واقع کوٹی لنگویشورا مندر کے پاس کچھ افراد مشکوک حالت میں کھڑے ہوئے نظر آنے کی مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کنداپورٹاؤن پولیس نے چھاپہ مارااورجین تیر تھنکر وں کی کروڑوں روپے مالیت والی تین مسروقہ قدیم مورتیوں کے ساتھ5افراد گرفتارکرلیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جب پی ایس آئی ہریش نے اپنے عملے کے ساتھ کوٹی لنگویشورا مندر کے قریب چھاپہ مارا تو تین افراد ایک کار کے پاس کھڑے تھے جن کے نام نیویل ولفی،انیل فرٹاڈو اورایشٹن سیکویرا بتائے جاتے ہیں،جبکہ ان سے ذرا دوری پر جان اور انیلا بھی مشکوک حالت میں کھڑے نظر آئے۔ جب پولیس نے ان کی یہاں موجود گی کے تعلق سے پوچھ تاچھ کی تو وہ اطمینان بخش جواب دینے میں ناکا م رہے۔ پھر جب ان کی ہیونڈائی ورنا کار کی تلاشی لی گئی تو اس کی سیٹ کے نیچے چھپائی گئی نادر مورتیاں دستیاب ہوئیں جس کے بارے میں اندازہ لگایا گیا ہے کہ یہ انتہائی قدیم مورتیاں ہیں اور مارکیٹ میں ان کی قیمت کروڑوں روپے ہوسکتی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے جب ان پانچوں افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کی تو ان لوگوں نے اپنے جرم کا اقرار کیا ہے۔ملزمین کے پاس سے نقد چالیس ہزار روپے، نوٹ گننے کی مشین ، موبائل فون اور کار ضبط کرلی گئی ہے۔ اس ضمن میں مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔


Share: