منگلورو، 30؍دسمبر(ایس او نیوز) نئے سال کی آمد کے حوالے سے جنوبی کینرا کے ساحلوں پر جشن منانے کا پروگرام بنانے والوں کی امیدوں پر آج پانی پھرگیا ہے کیونکہ ضلع انتظامیہ نے کووڈ کو پھیلنے سے روکنے کے لئے احتیاطی طور پر جنوبی کینرا کے تمام اہم ساحلوں پر امتناعی احکام نافذ کردئے ہیں۔
ضلع ڈپٹی کمشنر اور ڈیسیاسٹر منیجمنٹ اتھاریٹی صدر کی حیثیت سے ڈاکٹر راجیندراکے وی نے حکم امتناع جاری کرتے ہوئے کہا کہ نئے سال کا جشن منانے کے لئے ساحلی تفریحی گاہوں پرسیاحوں کی جمع بھیڑ ہوتی ہے جس سے کورونا وائرس بڑے پیمانے پر پھیلنے کے خدشات ہیں۔اس لئے 31دسمبر دوپہر 12بجے سے 2جنوری دوپہر 12بجے تک ضلع کے تمام اہم ساحلی تفریحی مقامات پر امتناعی احکام لاگو رہیں گے جس کے دوران مقامی افراد اور دیسی طرز پر ماہی گیری کرنے کے علاوہ کسی اور اس علاقے میں داخلے کی اجازت نہیں رہے گی۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق یہ احکام ڈیسیاسٹر منیجمنٹ ایکٹ 2005کی دفعہ 34میں انہیں تفویض شدہ اختیارات کے تحت جاری کیے گئے ہیں۔
ڈی سی کےحکم کے مطابق جن ساحلی تفریح گاہوں پر امتناعی احکام کا اطلاق ہوگا ان میں الال، سومیشور، موگویر پٹن، پنمبور، تنّیر باوی،سسی ہیتلو اور سورتکل بیچ شامل ہیں۔