ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جناردھن ریڈی کی معذرت خواہی بے معنی: شیوکمار

جناردھن ریڈی کی معذرت خواہی بے معنی: شیوکمار

Wed, 31 Oct 2018 23:34:08    S.O. News Service

بنگلورو،31؍اکتوبر(ایس او نیوز) سابق وزیراعلیٰ سدرامیا کے فرزند راکیش سدرامیا کی موت کے متعلق جناردھن ریڈی کے غیر ذمہ دارانہ بیان اور اس کے بعد معذرت خواہی پر ریاستی وزیر برائے آبی وسائل ڈی کے شیوکمار نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ کسی کا گلاکاٹنے کے بعد معذرت خواہی کرلینا کہاں تک درست ہے۔

اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جناردھن ریڈی نے اپنا بیہودہ بیان دے کر ظاہر کردیا ہے کہ وہ تہذیب اورانسانیت سے عاری ہیں۔ ایسے شخص کی بیان بازی یا معذرت خواہی سے کسی کو کچھ سروکار نہیں ہونا چاہئے۔ جناردھن ریڈی کی معذرت خواہی کی کوئی ضرورت نہیں ، زبان سے نکلی ہوئی بات نے جو چوٹ لگانی تھی لگادی ہے اب اس کے بعد معافی مانگیں تو یہ زخم نہیں بھرے گا۔ انہوں نے کہاکہ دراصل بی جے پی قائدین یڈیورپا اور امت شا ہ کو جواب دینا چاہئے کہ جناردھن ریڈی نے اتنی بڑی بات کہی اور یہ لوگ خاموش کیوں رہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ عرصے قبل امت شاہ نے کہاتھاکہ جناردھن ریڈی سے بی جے پی کا کوئی تعلق نہیں ہے، اب بلاری میں بی جے پی کے لئے وہ انتخابی مہم چلانے میں سرگرم رول ادا کررہے ہیں ۔ بی جے پی قائدین کو واضح کرنا چاہئے کہ ایسے نظریات کے حامل سیاست دان سے وہ جڑے ہوئے ہیں یا نہیں ؟۔ سابق وزیر کمار بنگارپا کی طرف سے یہ بیان کہ ملک بھر میں جاری ’’می ٹو‘‘ تحریک سے جڑا ایک اور بیان بہت جلد منظر عام پر آئے گا جس کے ذریعے وزیر اعلیٰ کمار سوامی بے نقاب ہوں گے، ڈی کے شیوکمار نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ کمار بنگارپا کا یہ بیان مایوسی کی علامت ہے۔

انہوں نے کہاکہ کمار بنگارپا کافی عرصے تک کانگریس سے جڑے ہوئے تھے اسی لئے کانگریس ہی ان کی اصلیت سے بخوبی واقف ہے۔ شروع سے ہی کمار بنگارپا اپنے والد بنگارپا کے ساتھ کیا سلوک کیا اور ان کے کارنامے کیسے رہے ، ضروری نہیں کہ ان تمام کو منظر عام پر لایا جائے۔ سینئر سیاست دان ہونے کے ناطے کمار بنگارپا خود سمجھ دار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کمار سوامی نے کیا غلطی کی ہے وہ منظر عام پر آنے کے بعد ہی پتہ چلے گا ، فی الوقت ضمنی انتخابات کا مرحلہ ہے ترقی کے نام پر کانگریس اور جے ڈی ایس متحدہوکر ووٹ مانگ رہے ہیں ، کسی کے کردار پر کیچڑ اچھال کر ووٹ طلب کرنا بی جے پی کی فطرت ہے، کانگریس کی نہیں ۔ 


Share: