کولکتہ،28/دسمبر(ایس او نیوز/یو این آئی) وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے آج ایک بارپھر اس عزم کااعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک وہ زندہ ہیں اس وقت تک شہری ترمیمی ایکٹ کو نافذ نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی کسی کو اس کے بنیادی حقوق سے محروم کیا جائے گا-وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے ملک بھر میں جاری طلباء تحریک کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کرنا بنیادی حق ہے اور کوئی بھی اس سے محروم نہیں کرسکتا - وزیرا علیٰ نے کہا کہ جب ہم کسی کو منتخب کرسکتے ہیں تو ہم اس کے خلاف احتجاج کرنے کا بھی حق رکھتے ہیں -خیال رہے کہ شہری ترمیمی ایکٹ بننے کے بعد سے ہی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی تحریک چلارہی ہیں اور اب تک کولکتہ شہر میں پانچ مختلف علاقوں سے جلوس نکال چکی ہیں -کل وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے کہا تھا کہ جب تک اس قانون کو واپس نہیں لے لیا جاتا اس وقت تک ان کی تحریک جاری رہے گی-وزیرا علیٰ نے کہا کہ بنگال میں ایک بھی حراستی کیمپ نہیں ہے -وزیرا علیٰ نے سوال کیا کہ آخر طلباء احتجاج کیوں نہیں کرسکتے؟-وزیرا علیٰ نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کے ذریعہ مرکزی حکومت کالے قانون کے خلاف احتجاج کرنے والے طالب علموں کو خوف زدہ کررہی ہے-وزیرا علیٰ نے کہا کہ اس کا مقصد صرف اور صرف طلباء کو خاموش کرانا ہے -مگر میں کہنا چاہتی ہوں کہ طلباء کو خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے میں ان کے ساتھ کھڑی ہوں-