ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جارکی ہولی سیکس سی ڈی کی جانچ کے لئے ایس آئی ٹی کی تشکیل، سومیندو مکھرجی قیادت کریں گے:بسوراج بومئی

جارکی ہولی سیکس سی ڈی کی جانچ کے لئے ایس آئی ٹی کی تشکیل، سومیندو مکھرجی قیادت کریں گے:بسوراج بومئی

Thu, 11 Mar 2021 09:37:47    S.O. News Service

بنگلورو،11؍مارچ(ایس او نیوز)کر ناٹک بھر میں سیاسی ہلچل کا سبب بننے والی رمیش جارکی ہولی کی مبینہ سیکس سی ڈی کی تیاری کے پیچھے سازش کے الزامات کی ریاستی حکومت نے جانچ کروانے کا فیصلہ کیا ہے اوراس کے لئے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم قائم کرنے کے احکامات بھی صاد ر کر دئے گئے ہیں۔ یہ اعلان وزیر داخلہ بسوراج بومئی نے کیا۔

اخباری نمائندو ں سے بات کرتے ہوئے بسوراج بومئی نے کہا کہ اس سی ڈی کے معاملہ میں جو تازہ الزامات سازش کے پہلو کو لے کر سامنے آئے ہیں ان کی جانچ کے لئے حکومت نے ایک ایس آئی ٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ بنگلورو پولیس کے اڈیشنل کمشنر سومیندو مکھرجی اس مجوزہ ایس آئی ٹی کی قیادت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں انہوں نے شہر کے پولیس کمشنر کمل پنت سے بات کی ہے اورانہیں ہدایت دی ہے کہ سی ڈی معاملہ کی جانچ کے لئے بنگلورو پولیس کے اڈیشنل کمشنر آف پولیس(لاء اینڈ آرڈر)سومیندو مکھرجی کی قیادت میں ایس آئی ٹی کا قیام کیا جائے۔

بومئی نے کہا کہ رمیش جارکی ہولی کی سی ڈی کہاں کہاں بنائی گئی ہے اس کی پوری جانچ کرنے کے لئے ایس آئی ٹی کو ذمہ داری سونپی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا اورمحکمہ داخلہ اورپولیس کے اعلیٰ عہدیداروں سے تبادلہ خیال کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ایس آئی ٹی سے کہا گیا ہے کہ وہ اس معاملہ کی جانچ کرنے کے بعد حکومت کو اپنی رپورٹ سونپ دے۔انہوں نے کہا کہ ایس آئی ٹی اس معاملہ میں کردار کشی، سیاسی مقاصد کے لئے بدنام کرنے کی کوشش اور دیگرپہلؤوں سے جانچ کرے گی۔


Share: