ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ثبوت کے فقدان پر جھارکھنڈ عدالت کا بڑافیصلہ، تبلیغی جماعت سے وابستہ 11 غیر ملکی شہری بری

ثبوت کے فقدان پر جھارکھنڈ عدالت کا بڑافیصلہ، تبلیغی جماعت سے وابستہ 11 غیر ملکی شہری بری

Sun, 07 Feb 2021 10:36:52    S.O. News Service

رانچی،7؍فروری(ایس او نیوز؍ایجنسی)جھارکھنڈ کے مشرقی سنگھ بھوم میں تبلیغی جماعت سے وابستہ 11 غیر ملکی شہریوں کو عدالت نے ثبوت کے فقدان میں بری کردیا ہے۔

گھاٹ شیلا کی ایڈیشنل چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ سشیلا سورینگ کی عدالت نے انہیں بری کیا۔ ان سبھی کو رانچی کے تماڑ تھانہ علاقہ کے رڑگاؤں سے 24 مارچ 2020 کو پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ 7 اپریل کو لاک ڈاؤن اور ویزا قوانین کی خلاف وزری کے الزام میں ان سبھی کو جیل بھیج دیا گیا تھا۔ پولیس نے سبھی کے خلاف عدالت میں چارج شیٹ داخل کی تھی۔اس معاملہ میں پراسی کیوٹر کی جانب سے 8 لوگوں کی گواہی ہوئی تھی، لیکن ثبوت کے فقدان میں سبھی گیارہ غیر ملکی شہریوں کو بری کردیا گیا۔ تبلیغی جماعت کے ان گیارہ افراد کو رڑگاؤں سے لاک ڈاؤن کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔

مشرقی سنگھ بھوم ضلع کے مسابنی کے سوانس پور کوارنٹائن سینٹر میں سبھی کو رکھا گیا تھا۔ جادوگوڑا تھانہ میں ان کے خلاف لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی اور غیر ملکی ویزا کے غلط استعمال کا معاملہ درج کیا گیا تھا۔ جھارکھنڈ ہائی کورٹ سے انہیں گیارہ اگست 2020 کو ضمانت ملی تھی۔بچاؤ فریق کے وکیل ویریندر سنگھ نے بتایا کہ ایف آئی آر میں جائے واقعہ مسابنی بتایا گیا تھا، لیکن پولیس کے ذریعہ عدالت میں گرفتاری رڑگاؤں میں ہونے کا ثبوت پیش کیا گیا۔ ایسے میں جب جائے واقعہ مسابنی نہیں تھا تو عدالت نے پورے معاملہ میں ثبوت کے فقدان میں بری کرنے کا فیصلہ کیا۔

عدالت سے بری ہونے کے بعد سبھی غیر ملکی شہری اپنے ملک لوٹیں گے۔ ان غیر ملکی شہریوں میں کرغستان کے غلام الدین، رستم نور کورس، جھانربک چینالیو اور اسلیبنک نورگازیو اور قزاقستان کے شاکر شاہ، ذاکر، اسماعیل مشانلو، الیاس میانو اور چین کے یے دیہہ ای، منائس اور مرللی شامل ہیں۔


Share: