ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بینک لون دھوکہ دہی معاملہ: ای ڈی کے سامنے پیش ہوئے سابق سی ای او چندا کوچر اور وینو گوپال دھوت

بینک لون دھوکہ دہی معاملہ: ای ڈی کے سامنے پیش ہوئے سابق سی ای او چندا کوچر اور وینو گوپال دھوت

Sun, 03 Mar 2019 11:23:53    S.O. News Service

نئی دہلی، 3 ؍مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) آئی سی آئی سی آئی بینک کی سابق سی ای او چندا کوچر اور ان کے شوہر دیپک ہفتہ کو ممبئی میں پی ایم ایل اے معاملے میں ای ڈی کے سامنے پیش ہوئے۔ہفتہ دوپہر 2 بجے کے قریب ویڈیوکان کے پروموٹر وینو گوپال دھوت بھی پوچھ گچھ کے لئے ای ڈی کے آفس پہنچے۔ای ڈی کی جانب سے کوچر کے ٹھکانوں پر کی گئی چھاپہ ماری کے ایک دن بعد دونوں ای ڈی کے بلارڈ اسٹیٹ آفس پہنچے۔حکام نے بتایا کہ تفتیشی افسر منی لانڈرنگ روک تھام ایکٹ (پی ایم ایل اے) کے تحت کوچر اور ان کے شوہر کے بیان درج کریں گے۔

اس سے پہلے ای ڈی نے جمعہ کو بینک لون فراڈ کیس میںآئی سی آئی سی آئی بینک کی سابق سی ای او چندا کوچر اور ویڈیوکان کے پروموٹر وینو گوپال دھوت ہاؤسنگ اور ان دفاتر پر چھاپہ مار کر کارروائی کی۔ممبئی میں ان کے 5 دفتروں اور رہائشی کمپلیکس سمیت کچھ دیگر جگہوں پر بھی چھاپے مارے گئے۔ای ڈی نے فروری ماہ کے آغاز میں چندہ کوچر، ان کے شوہر دیپک کوچر، وینو گوپال دھوت اور بہت سے دوسرے کے خلاف آئی سی آئی سی آئی کارپوریٹ گروپ کو 1875 کروڑ روپے کے قرض کی منظوری دینے کے معاملے میں مبینہ بے ضابطگی اور بدعنوانی کی تحقیقات کے لئے پی ایم ایل اے ایکٹ کے تحت فوجداری مقدمہ درج کیا تھا۔

بینک لون فراڈ کیس میں تینوں ملزمین۔ چندا، ان کے شوہر دیپک کوچر اور ویڈیوکان گروپ کے ایم ڈی وینو گوپال دھوت کے خلاف فروری میں ہی لک آؤٹ نوٹس جاری کیا گیا تھا۔بینک سے منسلک حکام کے مطابق لک آؤٹ نوٹس ا س لئے جاری کیا گیا تاکہ ملزم لوگ ملک چھوڑ کر باہر نہ بھاگ سکیں۔جنوری میں چندا کوچر کے خلاف الزامات کی تحقیقات کر رہی جسٹس بی این شری کرشن کمیٹی کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ویڈیوکان کو قرض دینے کے لئے چندہ کوچر نے بینک کی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔ان کے ہی کہنے پر اس قرض کا کچھ حصہ ان کے شوہر دیپک کی مالکانہ حق والی کمپنی کو بھی دیا گیا۔جانچ رپورٹ آنے کے بعدآئی سی آئی سی آئی بینک بورڈ کے ڈائریکٹرز نے آئی سی آئی سی آئی سے کوچر کے الگ ہونے کو بینک کی پالیسیوں کے تحت انہیں کمپنی سے نکال دینا سمجھا۔اس کارروائی کے بعد چندہ کوچر کے موجودہ اور مستقبل میں دی جانے والی تمام طرح کی رقم، بونس اور اسٹاک سے الگ کر دیا گیا۔


Share: