بیندور3؍مارچ (ایس او نیوز) اجمیر سے کیرالہ جانے والی ’مروساگر ایکسپریس‘ ٹرین بیندور اسٹیشن پررُک کر وہاں انتظار کررہے 45مسافروں کو سوار ہونے کا موقع دئے بغیر آگے نکل جانے کا واقعہ کل شام میں پیش آیا ہے۔
کہاجاتا ہے کہ کیرالہ کے زائرین کے ایک قافلہ میں شامل 45مسافروں نے کولّور مندر میں حاضری کے بعد اپنے گھر واپس لوٹنے کے لئے اجمیر سے ایرناکولم جانے والی ’مروساگر ایکسپریس‘ ٹرین پر اپنی ٹکٹ پیشگی بک کررکھی تھی۔ وہ وقت سے پہلے ہی پلیٹ فارم پر موجود تھے اور ٹرین کا انتظارکررہے تھے۔ لیکن شام 4.40بجے جب ٹرین بیندور اسٹیشن پر پہنچی تو ڈرائیور نے اسے روکا نہیں بلکہ سیدھے کنداپور کی طرف آگے بڑھا دیا۔ اس سے پریشان ہوکر مسافروں نے اسٹیشن ماسٹر سے رابطہ قائم کیا اور ان کے لئے سفر کا متبادل انتظام کرنے کو کہا۔
معلوم ہوا ہے کہ اسٹیشن ماسٹر نے اڈپی ریلوے اسٹیشن ماسٹر کو اس بات کی اطلاع دی اور ’مر وساگر‘ ایکسپریس کو وہاں روکے رکھنے کے لئے کہا۔ دوسری طرف جب کاروار بنگلورو ٹرین بیندور اسٹیشن پر پہنچی تو ان مسافروں اس ٹرین کے ذریعے اڈپی روانہ کردیا گیااور پھر وہاں’اندرالی‘ اسٹیشن پر رُکی ہوئی مروساگر ایکسپریس میں ان کو سوار کرلیا گیا۔