بیلگاوی 6/ جولائی (ایس او نیوز) بیلگاوی سٹی میونسپل کارپوریشن کے آگے لہراتا ہوا کنڑا جھنڈا پرانا اور بوسیدہ ہوجانے کے پس منظر میں اُسے بدل کر نیا کنڑا جھنڈا لہرانے کی کوشش کرنے والوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق نئی رسّی اور نیا جھنڈا لے کر پہنچنے والے 11 کنڑا حامی لوگوں کو پولیس نے پہلے گرفتار کرلیا اس کے علاوہ لاک ڈاون پروٹوکول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرا کرنے پر کووِڈ روک تھام قوانین کے تحت کیس درج کیے گئے ۔ احتیاطی اقدام کے طور پر جھنڈا لہرانے کے کھمبے کے اطراف بھی پولیس کی طرف سے بیریکیڈس لگاتے ہوئے حفاظتی بندوبست تیز کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ چند مہینے قبل بیلگاوی میونسپل کارپوریشن کے سامنے بڑی جدوجہد کے بعد کنڑا جھنڈا لگایا گیا تھا۔ وہ تیز ہوا اور بارش کی وجہ سے پرانا ہوکر پھٹ گیا تھا ۔ کنڑا حامی تنظیمیں مطالبہ کر رہی تھیں کہ ضلع انتظامیہ اُس جھنڈے کو بدل کر نیا جھنڈا لگائے۔ جب ضلع انتظامیہ نے اس پر کان نہیں دھرا تو کنڑا حامی کارکنان نے رسی اور نئے جھنڈے کے ساتھ وہاں پہنچ کر احتجاج کرنا شروع کیا۔
احتجاجی مظاہرے کی خبر ملنے پر مارکیٹ پولیس اسٹیشن کے سرکل انسپکٹر سدا شیو کٹّی منی نے موقع پر پہنچ کر احتجاجیوں سے مظاہرا واپس لینے کو کہا اور خود ہی جھنڈا تبدیل کرنے کا بھروسہ دلایا ۔ مگر مظاہرین اپنی ضد پر اڑے رہے کہ متعلقہ افسران کو موقع پر بلایا جائے اور اسی وقت جھنڈا تبدیل کیا جائے۔
اس دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان گرما گرم بحث شروع ہوگئی ۔ کافی دیر تک انتظار کرنے کے باوجود جب کوئی بھی افسر موقع پر نہیں پہنچا تو کنڑا حامی رضا کار شرینواس تالوکر کی قیادت میں کھمبے کے اطراف لگے ہوئے بیریکیڈس ہٹا کر نیا جھنڈا لگانے کے لئے آگے بڑھے ۔ اس وقت پولیس نے ان احتجاجیوں کوروکا اور انہیں گرفتار کرلیا۔