ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بیلگام کے خانہ پور میں دردناک حادثہ؛ مزدوروں سے بھری ٹریکٹر پل سے ٹکراکر کھائی میں جاگری؛ 6 ہلاک 18 زخمی

بیلگام کے خانہ پور میں دردناک حادثہ؛ مزدوروں سے بھری ٹریکٹر پل سے ٹکراکر کھائی میں جاگری؛ 6 ہلاک 18 زخمی

Sun, 09 Feb 2020 09:53:11    S.O. News Service

بیلگام 9/فروری (ایس او نیوز) خانہ پور تعلقہ کے تٹی ہلّی نامی مقام پر مزدوروں سے بھری ایک ٹریکٹر پُل سے ٹکرا کر کھائی میں جاگرنے سے  6/افراد ہلاک اور 18 دیگر شدید زخمی ہوگئے۔ حادثہ سنیچر کو اُس وقت پیش آیا جب  24مزدوروں کو لے کر یہ ٹریکٹر ہمیشہ کی طرح   گنے کی کٹائی کے لئے جارہا تھا ایک کلو میٹر کا فاصلہ  طئے کرنے کے بعد اچانک ٹریکٹر کا توازن بگڑ گیا اور  بریج کی ریلنگ سے ٹکراتے ہوئے سیدھے تیس  فٹ گہری کھائی میں جاگرا۔

بتایا گیا ہے کہ موقع پر ہی چار مزدوروں کی موت ہوگئی، جبکہ دیگر دو مزدوروں نے اسپتال لے جانے کے دوران دم توڑ دیا۔ حادثے میں  18 مزدور شدید زخمی بتائے جارہے ہیں جن میں ایک خاتون کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ حادثے میں ڈرائیور  بچ گیا ہے اور اُسے   چوٹیں آئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ہرروز کی طرح اس بار بھی  سبھی مزدور ٹریکٹر پر سوار کھیتوں کا کام کرنے جارہے تھے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ  گذشتہ تین ماہ سے  گنّے کی فصل کاٹنے کا کام جاری تھی اور  یہ مزدور  کھیتوں میں جارہے تھے جس کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔ مرنے والوں میں پانچ خواتین اور ایک مرد ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی نندگڈھ پولس جائے وقوع پر پہنچی اور ڈرائیور سمیت زخمیوں سے  تفصیلات حاصل کیں۔ حادثے کی اطلاع ملنے پر خانہ پور رکن اسمبلی انجلی نمبالکر، سابق رکن اسمبلی ارویند پاٹل،خانہ پور تحصیلدار ریشما تلیکوٹی سمیت کافی دیگر آفسران نے جائے وقوع پر پہنچ کر جائزہ لیا اور چھان بین کرتے ہوئے  مہلوکوں کے  رشتہ داروں کو مناسب معاوضہ دلانے کا یقین دلایا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ایس بی بومنہلّی  نے اسپتال پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کرتے ہوئے اخبارنویسوں کو بتایا کہ  ابتدائی چھان بین سے پتہ چلا ہے کہ ڈرائیور کے ہاتھوں  ٹریکٹر بے قابو ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں ٹریکٹر بریج کی ریلنگ سے ٹکراتے ہوئے کھائی میں جاگرا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ سرکار کو واقعے کی جانکاری دیتے ہوئے مہلوکوں کے  گھروالوں کو  مناسب معاوضہ دلائیں گے۔

سنیچر شام کو ہی تمام چھ نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کیا گیا اورگاوں والوں نے مل کر  سبھوں کی اجتماعی طور پر   آخری رسومات ادا کیں۔

 


Share: