اڈپی 16/ دسمبر(ایس او نیوز) بیلتھنگڈی کے ناڈا گاؤں میں ایک پِک اَپ گاڑی سے ٹکرانے کے بعد دو موٹر بائک سوار اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے نام سیسپّا مولیا (44سال)اوراس کی ایک رشتے دار کلیانی (55 سال)بتائے جاتے ہیں۔
سیسپا کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا تھا جبکہ کلیانی کے سر پر گہرے زخم آئے تھے اور اسے سرکاری اسپتال میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد منگلورو منتقل کیا جارہاتھا، مگر اس نے راستے میں ہی دم توڑ دیا۔
بتایاجاتا ہے کہ سیسپا ممبئی میں ملازمت کرتا ہے اور اس کی بیوی کی ابھی زچگی ہوئی ہے۔ وہ اپنے ایک رشتے دار کے یہاں کسی تقریب میں شرکت کے بعد واپس لوٹ رہا تھا اور جب وہ اپنے گھر سے صرف پانچ منٹ کی دوری پر تھا تو یہ جان لیوا حادثہ پیش آیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ پک اپ ٹرک ڈرائیور کی تیز رفتار اور بے قابو ڈرائیونگ کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا ہے۔ٹریفک پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرلیا گیا ہے۔دونو ں لاشوں کا پوسٹ مارٹم مقامی سرکاری اسپتال میں کیا گیا۔