نئی دہلی،11؍اپریل (ایس او نیوز؍ایجنسی)کانگریس کے سینئر لیڈر ملکاارجن کھرگے نے اتوار کو کہا کہ تمام اپوزیشن پارٹیوں کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے خلاف متحد ہونا چاہئے اور لوگوں کو اس کے ظلم سے آزاد کرنا چاہئے- انہوں نے یہ بھی کہا کہ کانگریس نے بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سربراہ مایاوتی سے اتر پردیش میں اتحاد کی قیادت کرنے کیلئے رابطہ کیا تھا، لیکن کوئی جواب نہیں ملا-کھرگے کے تبصرے سے ایک دن پہلے کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا تھا کہ ان کی پارٹی نے بی ایس پی سربراہ مایاوتی کو اتر پردیش میں اتحاد بنانے اور وزیراعلیٰ کا چہرہ بننے کی پیشکش کی تھی، لیکن انہوں نے بات تک نہیں کی- تاہم بی ایس پی سپریمو نے اس دعوے کی تردید کی ہے-
کھرگے نے کہاکہ آج لوگ مہنگائی اور بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے پریشان ہیں، نوکریاں نہیں ہیں اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) تمام آئینی اداروں پر قبضہ کر رہی ہے- ایسے میں ہماری جمہوریت کا کیا بنے گا اور بابا صاحب کے آئین کی حفاظت کون کرے گا؟- انہوں نے کہاکہ تمام اپوزیشن پارٹیوں کو بی جے پی کے خلاف اس لڑائی میں متحد ہو کر لڑنا چاہئے تاکہ لوگوں کو کچھ راحت مل سکے- کھرگے نے یہ بھی کہا کہ کانگریس کو اتر پردیش میں بی ایس پی کے ساتھ اتحاد کرنا چاہئے اور ساتھ ملنا چاہئے - بی جے پی کو ریاست سے باہر پھینک دینا چاہئے، اس لئے کہ ”طاقت کے گھمنڈ“ میں بی جے پی عوام کے خلاف جو ”مظالم“ کررہی ہے اسے ختم کیا جائے-کانگریس کے سینئر لیڈر ملکارجن کھرگے نے اتوار کو پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی کے ایک بیان کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ وجوہات کچھ بھی ہوں، بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سپریمو مایاوتی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو اسمبلی انتخابات میں جیتنے کا ایک محفوظ راستہ دیا ہے -
مسٹر گاندھی نے اپنے بیان میں بی ایس پی سربراہ پر اتر پردیش میں اتحاد نہ بنا کر دلتوں کی آواز بننے سے انکار کرنے کا الزام لگایا تھا- جب محترمہ مایاوتی نے جوابی حملہ کیا تو مسٹر کھرگے نے مسٹر گاندھی کے بیان کو یہ کہہ کر درست قرار دیا کہ وجوہات کچھ بھی ہوں بی ایس پی سپریمو نے بی جے پی کو اسمبلی انتخابات میں جیت کا محفوظ راستہ فراہم کیا ہے -
مسٹر کھرگے نے آج یہاں جاری ایک بیان میں کہاکہ اتر پردیش کی جنرل سکریٹری انچارج پرینکا گاندھی واڈرا کی قیادت میں کانگریس پارٹی نے پوری طاقت کے ساتھ مقابلہ کیا- کانگریس چاہتی تھی کہ بی جے پی عام لوگوں، خواتین اور دلتوں پر جو مظالم ڈھاتی ہے اس پر کسی طرح روک لگے -انہوں نے کہا کہ یہ سب دیکھ کر محترمہ واڈرا نے محترمہ مایاوتی سے کہا تھا کہ وہ کانگریس کے ساتھ آئیں اور بی جے پی کے خلاف اتحاد کی قیادت کریں، لیکن سچائی یہ ہے کہ وہ ایسا نہیں کرپائیں، چاہے جو بھی اس کی وجہ ہو-