ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی جے پی کے ایک اور ایم ایل اے کی شرانگیزی، مسلم سبزی فروش کو کالونی سے بھگایا

بی جے پی کے ایک اور ایم ایل اے کی شرانگیزی، مسلم سبزی فروش کو کالونی سے بھگایا

Thu, 30 Apr 2020 16:12:41    S.O. News Service

لکھنؤ، 30؍اپریل (ایس او نیوز؍ایجنسی) دیوریا میں بی جے پی کے رکن اسمبلی کے ذریعہ مسلمانوں سے سبزی نہ خریدنے کی اپیل کے بعد بی جے پی ہی کے ایک دوسرے ایم ایل اے کے ذریعہ سوسائٹی سے مسلم سبزی فروش کو بھگانے اور دھمکی دینے کا ویڈیو سامنے آیا ہے۔ بدھ کومنظر عام پر آنے والے اس ویڈیو میں بی جے پی کے رکن اسمبلی برج بھوشن کو لکھنؤ کے گومتی نگر میں اپنی رہائشی کالونی میں ایک سبزی فروش اور اس کے بچے کو دھمکی دیتے ہوئے صاف طور پر دیکھا اور سنا جاسکتا ہے۔ وہ مہوبہ ضلع کے چارہ کھاری اسمبلی حلقے  سے بی جے پی کے ایم ایل اے ہیں۔

ویڈیو میں ٹھیلے پر سبزی ترکاری فروخت کرنے والے شخص سے برج بھوشن اور سوسائٹی کے دیگر افراد نام پوچھتے ہیں۔ سہا ہوا سبزی فروش اپنا نام ’راج کمار ‘ بتاتا ہے۔ جس پر اس پر جھوٹ بولنے کا الزام عائد کیا جاتا ہے ۔ اسے مارنے پیٹنے اور سوسائٹی سے نکال باہر کرنے کی دھمکی دی جاتی ہے ۔ اپنی حرکت کو جائز ٹھہراتے ہوئے بی جے پی لیڈر راجپوت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سبزی فروش مسلمان تھا مگر ہندوبن کر سبزی بیچ رہا تھا۔

اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے  برج بھوشن راجپوت نے کہا ہے کہ ’’ میں اسے اس لئے ڈانٹا کہ وہ جھوٹ بول رہا تھا۔ اس نے اپنا نام راج کمار بتایا جبکہ اس کا نام رحیم الدین ہے۔ اس نے ماسک پہن رکھا تھا، نہ ہاتھوں میں دستانے تھے۔ ہم جانتے ہیں کہ کانپور میں 16 اور لکھنؤ میں ایک سبزی فروش کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔‘‘

نیوز 18 ہندی سے گفتگو کرتے ہوئے  برج بھوشن راجپوت نے سبزی فروشوں کیلئے شناختی کارڈ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت سے اس کی اپیل کریں گے۔ الزام تراشیوں کی انتہا کرتے ہوئے بی جے پی کے رکن اسمبلی نے یہ مضحکہ خیز مطالبہ بھی کیا کہ حکومت کو جانچ کرانی چاہئے کہ اس کے پیچھے کہیں ’’پاکستان یا آئی ایس آئی ‘‘ کا ہاتھ تو نہیں ہے۔

واضح رہے کہ یہ وہی  براج بھوشن راجپوت ہیں جنہوں نے 2017 میں دھمکی دی تھی کہ اگر مسلمانوں نے رام مندر کی مخالفت کی تو وہ حج میں رکاوٹ کھڑی کر یں گے۔ خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ملک جہاں سنگین صورتحال سے گزررہا ہے ، وہیں بی جے پی اور اس کی حامی تنظیموں کی جانب سے ملک کے مختلف حصوں میں اس طرح کی مسلسل اشتعال انگیزی ہورہی ہے۔

دیوریا کے ایم ایل اے کو وجہ بتاؤ نوٹس: بی جے پی نے مسلمانوں سے سبزی نہ خریدنے کا مشورہ دینے والے دیوریا کے اپنے رکن اسمبلی سریش تیواری کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کردیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق بی جے پی صدر اور اس کی لیڈرشپ نے تیواری کے بیان کو ’قطعی غیر ذمہ دارانہ ‘ پایا ہے اور کوئی کارروائی نہ کرنے پر بی جے پی یو پی اکائی کے ذمہ دارانہ سے جواب طلب کیا گیا ہے۔ نیتجے میں یو پی  بی جے پی نے سریش تیواری کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کردیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ بی جے پی کے  جے پی نڈا نے خود یو پی بی جے پی کے صدر سوتنتر دیو سنگھ سے بات کر کے برہمی کا اظہار کیا اور سریش تیواری کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی ہے۔


Share: