میسورو،23؍ستمبر(ایس او نیوز) ضمنی انتخابات میں عوام بی جے پی کے خلاف ووٹ دیں گے اور کسی بھی صورت میں بی جے پی کی حمایت نہیں کریں گے- ایسے میں ریاست میں بی جے پی حکومت کا آگے بڑھنا ممکن نہیں ہے- یہ بات سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے کہی- انہوں نے یہاں ایک پرائیویٹ ہوٹل میں منعقدہ جے ڈی ایس چنتن منتھن اجلاس میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کا خاتمہ یقینی ہے- ضمنی انتخابات میں بی جے پی سے زیادہ سیٹیں کانگریس جے ڈی ایس کو ملیں تو حکومت اپنے آپ گرجائے گی- کمار سوامی نے کہا کہ بی جے پی نے پاپ کے پیسے سے اقتدار حاصل کیا ہے- اس حکومت سے عوام کی فلاح وبہبودی ممکن نہیں ہے-ریاست کے عوام نے فیصلہ کرلیا ہے- اور موجودہ حکومت کے خلاف لہر دوڑ چکی ہے- انہوں نے کہا کہ بیلگاوی میں جگدیش شٹر کے خلاف عوام نے گھیراؤ کیا ہے- بیلگاوی بی جے پی کاگڑھ مانا جاتا ہے- ایسے علاقے میں بی جے پی کے خلاف لہر اٹھی ہے- ان سب سیاسی تبدیلیوں کی بنیاد پر یہ کہا جاسکتا ہے کہ ریاست کی بی جے پی حکومت اب صرف چند دن کی مہمان ہے- 175 حلقوں میں جیتنے کا عزم کیا ہے- 15اسمبلی حلقوں میں ضمنی انتخابات 21 اکتوبر کو منعقد ہونے والے ہیں -15حلقوں میں جے ڈی ایس امیدوار کھڑے کرنے دیوے گوڈا منصوبہ بنارہے ہیں -15حلقوں میں سے کم سے کم 10میں جیتنے کی امید ہے-ہنسور اسمبلی حلقہ میں جے ڈی ایس امیدوار کی کامیابی کے آثار نمایاں ہیں - پچھلی مرتبہ جس اعتماد کے ساتھ حلقہ کے ووٹروں نے جے ڈی ایس کے حق میں ووٹ دیا تھا- اسی محبت کے ساتھ اس مرتبہ بھی پارٹی کی جیت کو یقینی بنائیں گے- کمار سوامی نے مزید کہا کہ قرض معافی کے معاملے میں چند لوگوں نے یہ افواہیں پھیلائیں کہ کمار سوامی عوام کو گمراہ کررہے ہیں - مگر حقیقت یہ ہے کہ ہنسور حلقے کے 11626 کنبوں کو اس قرض معافی منصوبے سے فائدہ ہوا ہے-